جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائیاں جاری

جمعہ 11 جولائی 2014 13:07

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء)جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں جمعہ کو کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ ہونے والے 3 مبینہ مقابلوں میں تین گینگ وار ملزمان مارے گئے ہیں۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے جبکہ کھارادر سے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

اس ضمن میں ایس پی سٹی شیراز نذیر نے بتایا کہ لیاری کے علاقے کلری اور کلاکوٹ اور بغدادی میں تین پولیس مقابلے ہوئے،جس کے دوران تین گینگ وار ملزمان مارے گئے،جن کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لیاری کے علاقے نیا آباد میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں لیاری گینگ وار کا ملزم رشید عرف ملا مارا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو راہگیر زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لیاری کوئلہ گودام کے قریب کارروائی میں گینگ وار کا ملزم ملک مشتاق مارا گیا۔ادھربغدادی کے علاقے میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار کا ایک کارندہ مارا گیا۔جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔تینوں لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان قتل،اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی واردتوں میں ملوث تھے۔ کھارادر میں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ ٹارگیٹڈ آپریشن میں چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ میٹروول سائٹ میں باب خیبر کے قریب نجی ٹی وی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔