پا کستانی خاتون بھارتی شہریت کے دعویٰ پر گرفتار

جمعہ 11 جولائی 2014 13:07

پا کستانی خاتون بھارتی شہریت کے دعویٰ پر گرفتار

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء)بھارت میں 24سال تک اپنے تامل شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے والی49سالہ پاکستانی خاتون کو بھارتی شہری کا دعویٰ دار ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی اخبار” ٹائمز آف انڈیا“ کے مطابق تامل ناڈو میں اپنے تامل شوہر کے ساتھ 24سال تک زندگی گزانے والی 49سالہ پاکستانی خاتون کو پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش میں بھارتی شہریت کا دعویٰ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

حوا بی نے ضلع ویلوپرم کے علاقے کالا کوروچی کے ساٹھ سالہ خالدعبداللہ کے ساتھ 1976 میں دبئی میں شادی کی۔ دبئی میں اس وقت دونوں ایک نجی فرم میں کام کرتے تھے۔ 1990میں دونوں بھارت آئے اور کالاکوروچی میں رہائش اختیار کی۔ 1992میں پاکستانی خاتون حوا بی نے پاکستانی پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات پاکستان ہائی کمیشن کے حوالے کر دیں، اس کے بعد اس نے بھارتی شہریت کے لئے درخواست دی تاہم انہیں بھارتی شہریت دینے سے انکار کردیا گیا۔

(جاری ہے)

حوا بی کو بھارت میں رہنے کے لئے ایک عارضی ویزے کا انتظام کیا گیا۔ ویزے کی تین سال کے دوران ایک دفعہ تجدید کی ضرورت پڑتی ہے۔ فی الحال عارضی ویزا انہیں جنوری 2016 تک ملک میں رہنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس جوڑے کے پانچ بچے ہیں جو سب کے سب شادی شدہ ہیں اور ویلوپرم کے مختلف حصوں میں آباد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حال ہی میں حوا بی کو اپنی بیمار ماں کی تیماری داری کیلئے دبئی جانا تھا جس کیلئے اس نے پاسپورٹ کیلئے درخواست دی، اس نے اپنی شہریت کے بارے میں معلومات فراہم کی جس میں دیگر دستاویزات کے ساتھ راشن کارڈبھی شامل تھا۔

پاسپورٹ حکام نے معمول کے مطابق ملک میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے ریکارڈ رکھنے والے ادارے ڈسٹرکٹ کرائم برانچ کو تصدیق کے لیے یہ معلومات بھیج دیں۔معلومات کرنے پر پولیس نے ان پر ا?ئی پی سی کی کئی دفعات اور انڈین پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا اور مقامی عدالت میں پیش کر کے جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیاگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حوا بی کا والد محمد علی جو ویلوپرم کا رہنے والا تھا،تقسیم ہند کے وقت 1947میں انہوں نے پاکستان کی طرف ہجرت کو ترجیح دی۔ کچھ برسوں بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ دبئی میں منتقل ہوگیا۔ حوا بی عبداللہ سے شادی تک کئی بار پاکستان آئی۔