Live Updates

عمران خان کے مطالبات درست تھے ، ملک میں آگ لگی ہوئی ہے ،الیکشن کمیشن بھنگ پی کر سویا ہوا ہے ، کوئی پرواہ نہیں ، قمر زمان کائرہ

جمعہ 11 جولائی 2014 13:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے مطالبات درست تھے ، ملک میں آگ لگی ہوئی ہے ،الیکشن کمیشن بھنگ پی کر سویا ہوا ہے ، کوئی پرواہ نہیں ، ہر طرف حکومت کو ہٹانے کی باتیں چل رہی ہیں ،ماضی سے سبق نہ سیکھا تو جمہوریت کو نقصان ہوگا ، ہمارے یہاں جمہوری نظام چلے گا تو میڈیا اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام ادارے منظم ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہاکہ عمران خان کے مطالبات درست تھے انہوں نے اسمبلیوں میں حکومتی ذمہ داران کے سامنے یہ باتیں کہیں جس پر حکومتی ذمہ داروں نے ان حلقوں کو کھولنے کا وعدہ بھی کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ الیکشن کمشین بھنگ پی کر سویا ہوا ہے اسے کوئی پروا ہی نہیں کہ ملک میں آگ لگی پڑی ہے مگر الیکشن ٹریبیونل کی طرف سے کوئی فیصلہ نہیں آیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چار ماہ میں وہ فیصلہ کرنے کے پابند تھے جو وہ نہ کرسکے اور سپریم کورٹ نے بھی اس معاملے پر کوئی سوموٹو ایکشن نہیں لیا۔ انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام احتجاج پر امن ثابت ہوئے ہیں لیکن میں گزارش کرتا ہوں کہ آزادی مارچ سے سسٹم کو خطرہ ہے اس کو روکا جائے۔ ارسلان افتخار کی جانب سے لگائے گئے الزمات پر انہوں نے کہاکہ عمران خان اور نواز شریف پر جو الزامات لگائے جارہے ہیں وہ کوئی نئے نہیں ایسے الزامات پہلے بھی لگ چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لوگ حکومت کو ہٹانے کی باتیں کر رہے ہیں یہاں تک کہ نواز شریف خود اپنے بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ ہمیں اپنی مدت پوری کرنے دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہر طرف حکومت کو ہٹانے کی باتیں چل رہی ہیں اگر ہم نے آج بھی ماضی سے سبق نہ سیکھا اور یہ معاملات نہیں سنبھلے تو حالت پھر سے ماضی میں چلے جائیں گے جس سے نقصان پاکستان اور جمہوریت کو ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے حکومت میں آتے ہی الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کروانے کیلئے ایک کمیٹی بنائی تھی اگر کمیٹی بن جاتی تو عام انتخابات میں دھاندلی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ہی پہلی بار الیکشن کمیشن کو اتنا بااختیار بنایا۔ ہم انتخابات کو بھی الیکٹرانک پروسیس پر لے جانا چاہتے تھے لیکن ہمارے پاس اتنا وقت ہی نہیں تھا کہ ہم اس پر کام کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ ایک تو سیاسی جماعتیں بدمعاشی اور پیسے دے کر ووٹ خریدتی ہیں تو کچھ عوام کی جہالت کہ وہ برادریوں اور خاندانوں کے نام پر ووٹ دیتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے سانحہ ماڈل ٹاوٴن پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں وزیراعلیٰ کے حکم پر جو قتل عام کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے یہ لوگ جمہوری آمر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت تھوڑے عرصے کے لیے آئی تو وہ اکھاڑ کر پھینک دی گئی۔ اگر ہمارے یہاں جمہوری نظام چلے گا تو میڈیا اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام ادارے منظم ہوں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات