سعودی عرب (رابطہ عالم اسلامی)نے وفاق المدارس کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز سے نواز دیا ، وفاق المدارس کو دنیا میں سالانہ سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا، ایک سال میں وفاق المدارس کے تحت تریسٹھ ہزار پانچ سو چھپن حفاظ اور پندرہ ہزار حافظات بچیوں نے حفظ مکمل کیا،ایوارڈ شہزادہ مشعل بن عبداللہ نے وفاق المدارس کے سیکرٹری حنیف جالندھری کو دیا، مولانا نے ایوار ڈ کو پاکستانی قوم کا اعزاز قراردیدیا

جمعرات 10 جولائی 2014 23:47

سعودی عرب (رابطہ عالم اسلامی)نے وفاق المدارس کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جولائی۔2014ء) سعودی عرب (رابطہ عالم اسلامی)نے وفاق المدارس کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز سے نواز دیا، وفاق المدارس کو دنیا میں سالانہ سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا،وفاق المدارس کے تحت اس سال تریسٹھ ہزار پانچ سو چھپن( 63556)حفاظ نے قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا جن میں پندرہ ہزار حافظات بچیاں بھی شامل ہیں ،وفاق المدارس کی طرف سے سیکرٹری جنرل نے جدہ میں منعقدہ ایک عالمی تقریب میں شہزادہ عبداللہ کے فرزندگورنرِ مکہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ سے ایوارڈ وصول کیا جبکہ مولانا حنیف جالندھری نے اس ایوارڈ کوپاکستان اور پوری پاکستانی قوم کا اعزاز قرار دیا اور پاکستانی قوم بالخصوص مدارس و جامعات کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق رابطہ عالم اسلامی (سعودی عرب)کی طرف سے پاکستانی مدارس اور جامعات کے سب سے بڑے اور قدیم ادارے ”وفاق المدارس العربیہ پاکستان“ کو دنیا کے سب سے بڑے اعزاز سے نوازا گیا،یہ اعزاز دنیا میں سالانہ سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے کی سعاد ت حاصل کرنے پر دیا گیا ۔یاد رہے کہ وفاق المدارس کے تحت ہر سال تقریبا ساٹھ ہزار طلبہ وطالبات حفظ قرآن کریم مکمل کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں جبکہ اس سال تریسٹھ ہزار پانچ سو چھپن( 63556)حفاظ قرآن نے یہ سعادت حاصل کی جن میں 12000خوش قسمت بچیاں بھی شامل ہیں جبکہ مجموعی طور پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحقہ مدارس وجامعات میں بیس لاکھ سے زائد طلباء وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔

خدمت قرآن کریم کے حوالے سے یہ انٹرنیشنل ایوارڈ رابطہ عالم اسلامی کی ذیلی تنظیم الہیئة العالمیہ لتحفیظ القرآن الکریم کے زیر اہتمام 7جولائی2014ء... /9رمضان المبارک 1435ھ بروز پیر جدہ میں منعقدہ ایک عالمی تقریب میں دیا گیا ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل مولانا محمدحنیف جالندھری نے سعودی فرمانرواشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے فرزند اور گورنر مکہ شہزادہ مشعل بن عبداللہ اور رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ عبدالمحسن الترکی سے ایوارڈ وصول کیا ۔

اس موقع پر سعودی عرب کے علماء ومشائخ ،مختلف وزارتوں کے افسران اور شاہی خاندان کے افراد بھی موجود تھے جبکہ امریکا ،برطانیہ ،ساوٴتھ افریقا،انڈونیشیا،ملائشیاء،متحدہ عرب امارات ،کویت ،مصر،اردن سمیت دنیا بھر کے تمام قابل ذکر ممالک کے وفود اور اہم ترین شخصیات بھی موجود تھیں ۔اس موقع پر سعودی عرب کے ملی اور دینی زعماء اور دنیا بھر سے تشریف لائی ہوئی شخصیات نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور وفاق المدارس کی طرف سے قرآن کریم کی اس منفرداور مثالی خدمت پر مولانا محمد حنیف جالندھری کو مبارکباد پیش کی ۔

اس تاریخی موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری نے عالمی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس اعزاز کو پاکستان اورپوری پاکستانی قوم کا اعزاز قرار دیا اور کہا کہ یہ ملک بھر کے مدارس وجامعات کے ذمہ داران کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ہے ۔مولانا جالندھری نے وفاق المدارس کی خدمات کے اعتراف پر خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز ،رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ عبدالمحسن الترکی اور الہیئة العالمیہ لتحفیظ القرآن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبداللہ بصفر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم کو ملنے والا یہ اعزاز وطن عزیز میں قرآن کریم کی خدمت کے مبارک جذبے کو مزید اجاگر کرے گا ۔

مولانا جالندھری نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کا ذریعہ اور امت کو درپیش مسائل ومشکلات کا واحد حل یہ ہے کہ امتِ مسلمہ قرآن کریم سے اپنی وابستگی کو مضبوط بنا لے ۔” احکامِ قرآن“ کے نفاذ اور ”پیغامِ قرآن“ پر عملدرآمد کے ذریعے دنیا پر غلبہ حاصل کرے ۔انہوں نے ماہِ قرآن کریم اور ارض قرآن کریم میں ملنے والے اس ایوارڈ کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے مزید بچے اور بچیاں حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کریں گے اور پاکستانی والدین اپنی اولاد کو دین کی تعلیم دلوانے کا پہلے سے زیادہ اہتمام کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :