وزیراعظم نواز شریف کی میک اے وش کے لاعلاج بچے سے ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2014 18:37

وزیراعظم نواز شریف کی میک اے وش کے لاعلاج بچے سے ملاقات

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان نے موذی مرض میں مبتلا وسیم اصغر کی وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کو پورا کیا۔ تھیلسیمیا میجر میں مبتلا 14 سالہ وسیم اصغر نے میک اے وش سے رابطہ کیا کہ وہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے کی اس کی خواہش کو پورا کرے۔ فاؤنڈیشن نے اس کی خواہش سے وزیراعظم کو مطلع کیا جنہوں نے وسیم کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے لئے مدعو کیا۔

وسیم اصغر کی وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر اس کا سرکاری مہمانوں کی طرح استقبال کیا گیا اور اسے وزیراعظم کے دفتر لے جایا گیا جہاں وزیراعظم نے اس سے گرمجوشی سے ملاقات کی اور اسے اپنے ساتھ بٹھایا۔ وسیم اصغر کو اپنی قسمت پر یقین نہیں آرہا تھا کہ وہ اپنی پسندیدہ شخصیت سے ملاقات کررہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس موقع پر وسیم اصغر سے اس کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور اپنی ملاقات کے متعلق اس کی خواہش کا پوچھا جس پر وسیم اصغر نے جواب دیا کہ وہ اکثر انہیں ٹیلیویژن پر دیکھتا ہے اور انہیں بہت پسند کرتا ہے اور وہ ان کے ملک میں غربت میں کمی اور دہشت گردی کے خاتمے کے وعدوں سے بہت متاثر ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وسیم اصغر سے پوچھا کہ وہ اس کے لئے کیا کرسکتے ہیں لیکن وسیم اصغر نے غریب ہونے کے باوجود بڑے فخر سے جواب دیا کہ آپ سے ملاقات کی خواہش پوری ہونے کے بعد اسے کسی چیز کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر وسیم اصغر نے وزیراعظم کو شمالی وزیرستان کی بحالی کے لئے اپنی جیب خرچ سے بچائے گئے روپے کا ایک لفافہ دیا۔میک اے وش فاؤنڈیشن ایک انٹرنیشنل ادارہ ہے جو دنیا کے 55 ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔

یہ لاعلاج بچوں کی خواہشات کی تکمیل کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور پاکستان اس ادارے کا Affiliate ممبر ہے۔ ادارے کا مشن ہے کہ کوئی بیمار بچہ کوئی خواہش لئے اس دنیا سے رخصت نہ ہو۔ میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان میں اپنے قیام سے لے کر اب تک ہزاروں لاعلاج بچوں کی خواہشات کی تکمیل کرچکا ہے جن میں ایک دن کا فوجی بننا، پائلٹ بننا، پولیس مین بننا ، بالی ووڈ اسٹار سلمان خان سے ملنا، ایک دن کے لئے FPCCI کا صدر بننا اور عمرے کی سعادت جیسی منفرد خواہشات بھی شامل ہیں۔ ان میں کئی بچے آج ہمارے درمیان نہیں مگر ہمیں خوشی ہے کہ یہ بچے کوئی خواہش یا خواب لئے اس دنیا سے رخصت نہیں ہوئے اور ہم نے اُن کے دل میں چھپی خواہشات کی تکمیل کرکے چہروں پر خوشیاں بکھیریں۔

متعلقہ عنوان :