جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیا جائے گا، سید خورشید شاہ

جمعرات 10 جولائی 2014 16:53

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید نے کہا ہے کہ جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیا جائے گا، جمہوریت میں سونامی اور انقلاب نہیں آیا کرتے عمران خان کو شکایات ہیں تو پالیمنٹ میں آکر بات کریں۔ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوریت کو ڈی ریل ہونے نہیں دے گی، انقلاب وہاں آتا ہے جہاں بادشاہت ہو جمہوریت کے خلاف انقلاب اور سونامی نہیں آیا کرتے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل سونامی سے نہیں مذاکرات سے حل ہوتے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارلیمنٹ میں آکر بات کریں اگر وہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے تو پارلیمنٹ میں آ کر بات کریں جمہوریت میں سڑکوں پر فیصلے نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ آج تک کوئی مسئلہ جنگ سے حل نہیں ہوا، 1971 کی جنگ میں 93 ہزار قیدی بھی ڈائیلاگ کے ذریعے وطن واپس لائے گئے، ماضی میں حکومتیں 12 مہینے اور 18 مہینے کیلئے بنتی رہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے خلاف بھی لانگ مارچ ہوتے رہے، ملکی تاریخ ہی ڈکٹیٹر شپ اور کنڑول ڈیموکریسی کا شکار رہی ہے اسی وجہ سے پاکستان بے شمار وسائل کے باوجود تیسری دنیا کے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو سب کی مفاہمت کے ساتھ چلنا چاہیے، ہمیں اقتدار کا نہیں،ملک سنوارنے کا لالچ ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دیں آج بھی ہمارے 2 سابق وزراعظم عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :