وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے عالمی برادری سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے امداد کی اپیل کر دی

جمعرات 10 جولائی 2014 16:04

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) وزیراعلی خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے عالمی برادری سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے لئے امداد کی اپیل کر دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی خیبر پختون خوا نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والے آئی ڈی پیز کی انسانی بنیادوں پر مدد کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اتنی بڑی تعداد میں آئی ڈی پیز کے آنے کے باعث صورت حال تشویشناک ہے، مقامی تنظیمیں بھی ترجیحی بنیادوں پر تعاون کریں۔

(جاری ہے)

پرویز خٹک نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کے لئے پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی تعداد بہت کم ہے، آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال کیلئے 500 ایف سی اہلکاروں کی فوری ضرورت ہے اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے پشاور کے علاقے چمکنی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کے کے لئے شہدا پیکج سے امداد کا اعلان بھی کیا۔واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں گزشتہ ماہ سے شروع کئے گئے آپریشن ضرب عضب کے باعث 8 لاکھ سے زائد افراد خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔