وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں موٹر وے تا مالاکنڈ سوات تک سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کی منظوری دیدی گئی

جمعرات 10 جولائی 2014 15:59

پشاور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی صدارت میں موٹر وے تا مالاکنڈ سوات تک سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ سوات ایکسپریس وے منصوبے کا جامع سروے کیا گیا اکاسی کلومیٹر لمبی سوات ایکسپریس وے پر اٹھائیس ارب تیس کروڑ روپے لاگت آئیگی اور اس کی بدولت موٹر وے کرنل شیر انٹر چینج تا چکدرہ سفر بلارکاوٹ پورا ہونے کے سبب دو گھنٹے سے زائد وقت کی بچت ہو گی کیونکہ پشاور تا چکدرہ سفر کے دوران رشکئی، مردان، تخت بھائی، جلالہ، شیر گڑھ، سخاکوٹ، درگئی اور بٹ خیلہ جیسے گنجان بازاروں سے گزرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔

ایکسپریس وے نوشہرہ، صوابی، مردان اور ملاکنڈ کے چار اضلاع کے کھلے اور پرفضاء علاقوں سے گزرے گی۔ ایکسپریس وے کے دونوں جانب سروس روڈ کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے پر کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کے لئے ابتدائی دو ارب تیس کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ سوات ایکسپریس وے کی بدولت سوات، دیر اور چترال سمیت مالاکنڈ ڈویڑن کے تمام بڑے شہروں تک آمد ورفت میں آسانی کے علاوہ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔