شمالی وزیرستان امریکی جاسوس طیارے کا میزائل حملہ سات افراد جاں بحق متعدد زخمی

جمعرات 10 جولائی 2014 15:56

شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے  فوری طورپر ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی  حملے کے بعد بھی امریکی جاسوس طیارے کئی گھنٹے فضا میں پروازیں کرتے رہے جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کوامریکی جاسوس طیارے سے ڈرون حملہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے میں ہواجہاں پر ایک مکان اور گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈرون حملے کے نتیجے میں دونوں املاک مکمل طور پر تباہ اور سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔واضح رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے بند کردیئے گئے تھے تاہم مذاکرات کے خاتمے کے بعد حملوں کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع ہوگیااور رواں برس یہ چوتھا حملہ ہے۔11 جون کو بھی شمالی وزیرستان میں دو مختلف ڈرون حملوں میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ دونوں حملے رواں سال پاکستان کے کسی بھی قبائلی علاقے میں پہلی بار کیے گئے تھے۔امریکی ڈرون حملوں پر پاکستان کا موٴقف ہے کہ یہ حملے ملک کی خودمختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔