نواب خیربخش مری بلوچستان کی ترقی چاہتے تھے ، وزیراعظم نواز شریف

جمعرات 10 جولائی 2014 15:48

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10جولائی 2014ء) وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے کہاہے کہ نواب خیربخش مری بلوچستان کی ترقی چاہتے تھے،حکومت بلوچستان کوترقی کی راہ پرگامزن کرے گی اور مسئلہ بلوچستان سمیت تمام معاملات بات چیت کے ذریعہ حل کریں گے۔ جمعرات کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،چیف سیکرٹری سندھ اور دیگراعلیٰ حکام نے وزیر اعظم کا کراچی ایئرپورٹ پراستقبال کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان،وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق، وزیرمملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ اور سینٹرمشاہداللہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔وزیراعظم میاں محمدنوازشریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ۔کراچی آمد کے بعد وزیراعظم میاں نوازشریف ڈیفنس میں واقع بلوچستان کے وزیر نوابزادہ چنگیزخان مری کے گھرگئے اوربزرگ قوم پرست سیاستدان نواب خیربخش مری کے انتقال پراظہارتعزیت کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ نواب خیربخش مری تاحیات حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے وہ بلوچستان کوترقی یافتہ دیکھنے کے خواہش مند تھے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کا احساس محرومی دورکرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے گی ،بلوچستان سمیت تمام مسائل پرحکومت بات چیت کے لیے تیارہے اورتمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پریقین رکھتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے نواب خیربخش مری کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔