حکومت ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے،چودھری نثار

بدھ 9 جولائی 2014 19:56

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے،کیس کی تازہ ترین پوزیشن کا جائزہ لینے کے بعد تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کا ر لاکر کوشش کی جائے گی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپسی کو ممکن بنایا جاسکے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات وزیر داخلہ نے ان تمام ممکنہ اقدامات کو زیر غور لایا جن کے ذریعے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی ممکن ہو سکتی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کیس کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرنے کے بعد اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ ایسے کیا قانون و تکنیکی اقدامات اٹھائے جائیں جن کے ذریعے ان کی واپسی میں مدد مل سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بھی اس ضمن میں اپنی متعدد سفارشات پیش کیں اور وزیر داخلہ اور حکومت کی طرف سے اس ضمن میں اب تک کی جانے والے مخلصانہ کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان پر اطمیان کا اظہار کیا ہے۔(رستم ایوب چودھری)