چودھری پرویزالٰہی سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطاری کی ملاقات

بدھ 9 جولائی 2014 18:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور یورپ و پنجاب (پاکستان) کے امیر حاجی محمد یعفور رضا عطاری، عامر مدنی، محمد بلال مدنی اور محمد عثمان عطاری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی و مشکلات سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو مدنی قافلے اور دعوت اسلامی کے زیر اہتمام 95 سے زائد شعبہ جات میں مدنی کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ محمد یعفور رضا عطاری نے چودھری پرویزالٰہی کو عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اعتکاف کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ 5 براعظموں میں مدنی چینل کی نشریات دیکھی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے اسلام کیلئے دعوت اسلامی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ غیر سیاسی جماعت ہے جس کا مقصد صرف اور صرف سنت رسولﷺ کی پیروی اور اسلام کی روشنی پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات سمیت دیگر اضلاع میں مدنی چینل کی نشریات سے عوام مستفید ہو رہی ہے، مدنی چینل کی نشریات لوگوں کے دلوں پر اثر کر رہی ہے اور عوام کے شرعی مسائل کے حل کیلئے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔