الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمان اور صوبائی اسمبلی سے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے 30 ستمبر 2014ء تک طلب کر لئے

بدھ 9 جولائی 2014 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان پارلیمان اور صوبائی اسمبلی کے ارکان سے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے 30 ستمبر 2014ء تک طلب کر لئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک بیان میں پارلیمان اور صوبائی اسمبلی کے ارکان کی توجہ ان کے اپنے، ان کے زوج اور زیر کفالت افراد کے اثاثوں اور ذمہ داریوں کے سالانہ گوشوارے 30 ستمبر 2014ء تک الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کی جانب مبذول کرائی ہے جو عوامی نمائندگی ایکٹ 1976ء کی شق 42A اور سینٹ (انتخابات) ایکٹ 1975ء کی شق 25A کے تحت ایک لازمی تقاضا ہے۔

الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیشن ہر سال 15 اکتوبر تک ان ارکان کے ناموں کا نوٹیفکیشن کرے گا جنہوں نے مقررہ مدت کے اندر اپنے اثاثوں کے گوشوارے داخل نہیں کرائے اور ایسے ارکان گوشوارے جمع کرائے جانے تک کام نہیں کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

ذیلی شق 1 کے تحت جمع کرائے گئے اثاثوں کے گوشوارے سرکاری گزٹ میں شائع کئے جائیں گے اور نقول مجوزہ فیس کی ادائیگی پر حاصل کی جا سکیں گی۔

کسی رکن کی طرف سے ذیلی شق 1 کے تحت داخل کردہ اثاثوں اور ذمہ داریوں کے گوشوارے میں کوائف غلط پائے جانے پر اس کے خلاف شق 82 کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ اس ضمن میں مجوزہ فارم الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد اور ہر صوبے میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر سے مفت دستیاب ہیں۔ یہ فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ بھی کئے جا سکتے ہیں۔