کراچی، وقت کے راجہ داہروں کا علاج صرف اور صرف جہادہے،جمعیت علماء پاکستان

بدھ 9 جولائی 2014 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) محمدبن قاسم کا کردارمسلم نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے، افسوس آج ہر اسلام دشمن راجہ داہر بناہواہے مگر دوردور تک محمدبن قاسم نظرنہیں آرہا،اسلامی حکومتیں غیرفعال ہیں بلکہ بعض حکمراں کفرکے ایجنٹوں کا کرداراداکررہے ہیں، یہ باتیں جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی نے اورنگی ٹاؤن میں جے یوپی کراچی کے تحت منعقدہ یوم باب الاسلام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

اجتماع سے جنرل سیکریٹری جے یوپی کراچی مفتی محمدبشیرالقادری نورانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ سترہ سالہ محمدبن قاسم نے اپنی قوت ایمانی کی بناء پر اس خطے کو باب الاسلام ہونے کا شرف دیااور سندھ کی سرزمین پر اسلام کا پرچم لہرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ محمدبن قاسم اسلام کے عظیم جرنیل تھے جنہوں نے سندھ کی تاریخ بدل ڈالی اور بقول بانی ء پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح  پاکستان اسی دن قائم ہوگیاتھاجس دن جنوبی ایشیاء کا پہلافرد مسلمان ہوا،یعنی محمدبن قاسم کے لشکر کی اس سرزمین پر آمد اور اشاعت اسلام کے ساتھ ہی پاکستان کی بنیاد پڑگئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ آج ایک منظم سازش کے تحت مسلم نوجوانوں سے ان کی تاریخ اور دینی فکر چھین لی گئی ہے،تاکہ نئی نسل اپنے آباء واجدادکے کارناموں سے غافل رہے اور باآسانی بے راہ روی کا شکارہوجائے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ نصاب تعلیم سے مسلم فاتحین کا تذکرہ خارج کرنے کی سازش کا تدارک کیاجائے اور اسلامی فکر کے حامل افرادکو نصاب سازی کا اہم فریضہ تفویض کیاجائے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمدبشیرالقادری نورانی نے کہاکہ وقت کے راجہ داہروں کا علاج صرف اور صرف جہادہے، سرزمین باب الاسلام اسلامی تاریخ وثقافت کی امین ہے اس دھرتی پر منکرات کو ہرگزنہیں پنپنے دیں گے،انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان ہمیں عبادت کے ساتھ ساتھ امت کے اجتماعی مفاد کے اہم فیصلوں کی بھی دعوت دیتاہے، وہ عناصر جن کے قلوب واذہان مغربی فکر سے متاثرہیں وہ کسی صورت مسلمانوں پر حکمرانی کا حق نہیں رکھتے،انہوں نے اس عزم کااعادہ کیاکہ جمعیت علماء پاکستان کی صالح قیادت ملک کے نوجوانوں کو اسلامی خدوخال کی طرف مائل کرنے میں اپناروایتی کراداراداکرتی رہے گی۔

مقررین نے اس موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اسیری پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مسلم حکمراں اسلام کی ایک بیٹی کوغیروں کی قید میں کیسے برداشت کرسکتے ہیں یہ ان کی غیرت ایمانی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہاکہ نظام مصطفےٰ ﷺ ہی تمام مسائل کاحل ہے جس کے جمعیت علماء پاکستان اول روز سے جدوجہد میں مصروف ہے اور انشاء اللہ کامیاب ہوکر خطے کو نظام مصطفےٰ ﷺ کی بہاروں سے مہکادے گی۔

متعلقہ عنوان :