پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور جمہوری طریقوں سے ملک میں تبدیلی لانے میں مکمل یقین رکھتی ہے ‘ میاں منظور وٹو

بدھ 9 جولائی 2014 16:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ اور جمہوری طریقوں سے ملک میں تبدیلی لانے میں مکمل یقین رکھتی ہے ،ملک حالت جنگ میں ہے ، سونامی اور ملٹری آپریشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے،عمران خان لانگ مارچ کی کال واپس لے لیں گے ،پنجاب میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کا کام تقریباً مکمل ہے اور چےئرمین بلاول بھٹو کو ایک فعال اور منظم جماعت پیش کروں گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں پاکستان کمیونٹی کی طرف سے اُنکے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میاں منظور وٹو نے اپنی پیشینگوئی کا اعادہ کیا کہ عمران خان لانگ مارچ کی کال واپس لے لیں گے کیونکہ ملک اسوقت حالت جنگ میں ہے اور بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سونامی اور ملٹری آپریشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شمالی وزیرستان میں جاری ملٹری آپریشن کی مکمل حمایت کرتی ہے اور دہشتگردوں کا صفایا چاہتی ہے جنہوں نے پاکستان کی سلامتی، طرز زندگی اور اسکے آئین کے لیے سنگین خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 1997ء کے مقابلے میں اسوقت بہتر پوزیشن میں ہے کیونکہ صوبہ سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اس پارٹی کی حکومتیں ہیں۔

اسکے علاوہ موجودہ قومی اسمبلی میں 37سیٹیں ہیں اور سینیٹ میں پارٹی کی اکثریت ہے جبکہ 1997ء میں پارٹی کے پاس صرف قومی اسمبلی کے 18سیٹیں تھیں لیکن اسکے باوجود 2002ء میں پیپلز پارٹی الیکشن جیت کر دوبارہ برسر اقتدار میں آئی ۔مئی2013ء کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے یہ انتخابات اپنے لیڈروں کے بغیر لڑا کیونکہ دہشتگردوں نے انتخابی مہم کرنے کی سنگین دھمکیاں دیں اور جبکہ پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے میدان کھلا تھا ۔

میاں منظور احمد وٹو نے حاضرین کو بتایا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کا کام تقریباً مکمل ہے اور وہ چےئرمین بلاول بھٹو کو ایک فعال اور منظم جماعت پیش کریں گے جب وہ صوبہ پنجاب کا دورہ کریں گے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جسکے اگلے انتخابات میں کامیابی کے روشن امکانات ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے سمندر پار پاکستانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُنکی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اُنکے بھیجے ہوئے اربوں ڈالر سے ملک کی معیشت کا پہیہ چل رہا ہے ۔