پاکستان کیخلاف بیرونی سازشیں اتحاد ویکجہتی کے ذریعہ ہی ناکام بنائی جا سکتی ہیں، حافظ محمد سعید

بدھ 9 جولائی 2014 14:37

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جولائی 2014ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیزپاکستان کے خلاف بیرونی سازشیں اتحاد ویکجہتی کے ذریعہ ہی ناکام بنائی جا سکتی ہیں، شمالی وزیرستان آپریشن سے متاثرہ محب وطن قبائلی عوا م کی مدد کرنا ہم سب پر فرض ہے ،امریکہ آپریشن کے نتیجے میں قبائلی عوام و افواج پاکستان کے مابین جنگ دیکھنا چاہتا تھا لیکن اسکے تمام منصوبے ناکا م ہوئے ،بلوچستان میں جماعة الدعوة نے خدمت خلق کے کام کے ذریعہ دشمنوں کی سازشوں کا توڑ کیا اب بھی خدمت خلق کا کام جاری رکھیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروزپور روڈ پر مقامی شادی ہال میں مسلم میڈیکل مشن کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم میڈیکل مشن کے رہنما ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے تھر،سندھ میں قحط سالی کے موقع پر امدادی سرگرمیوں اور وزیرستان آپریشن سے متاثرہ افراد کے لئے ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ آج ہم غیر معمولی اور جنگی حالات سے گزر رہے ہیں ۔دشمنوں نے پاکستان پر جنگ مسلط کر رکھی ہے ۔وہ افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھے ہیں،امریکہ نے انڈیا کو افغانستان میں بڑا کردار دیا ہے بھارتی فوج کو امریکی فوجیوں کی جگہ متعین کیا جا رہاہے جسکی وجہ سے پاکستان کے لئے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں ۔

اللہ تعالیٰ کی مدد سے ا تحادی ناکام ہوئے ہیں اب افغانستان میں انڈیا بھی نہیں ٹھہر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام محب وطن اور ہمیشہ پاکستان کے پشتیبان رہے ہیں۔ان قبائلیوں نے تحریک پاکستان و کشمیرمیں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب بھی ہم سب نے متحد ہو کر پاکستان کی حفاظت کرنی ہے۔آپریشن سے متاثرہ قبائلی بھائیوں کی مدد کے لئے جماعةالدعوة پہلے دن سے پیش پیش ہے۔

ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ ان محب وطن قبائلیوں کا بھر پور ساتھ دیں جو کہ ہماری پہلی دفاعی لائن کی حیثیت رکھتے ہیں۔بنوں اور ڈیرہ اسمٰعیل خاں کے لوگوں نے کمال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجرین کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیے ہیں اور اکثرلوگ کیمپوں کی بجائے لوگوں کے گھروں ، سکولوں اور حجروں میں مقیم ہیں۔ انحلاء کے بعد بڑا مسئلہ ٹرانسپورٹ کا تھا اور موجودہ حالات میں راشن اورادویات کے مسائل ہیں۔

جماعة الدعوة متاثرین کے سحری و افطاری کا وسیع پیمانے پر انتظام کر رہی ہے ،خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پاکستان متاثرین کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی پابندیاں جماعة الدعوة کا اللہ کے فضل سے کچھ نہیں بیگاڑ سکتیں، کیوں کہ جماعة الدعوة پاکستان کے عوام کی جماعت ہے اور اس نے ہر موقع پر پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :