عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کو خوراک کی فراہمی کے 7 مراکز قائم کردیئے گئے

بدھ 9 جولائی 2014 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کو خوراک کی فراہمی کے 7 مراکز قائم کردیئے گئے۔ایک انٹرویو میں عالمی ادارہ صحت کے ترجمان امجد جمال نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے آئی ڈی پیز کیلئے خوراک کی فراہمی کیلئے 7 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بنوں میں 4 جبکہ لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ایک مرکز فعال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے اب تک 25 ہزار 850 خاندانوں میں 2 ہزار 342 ٹن گندم تقسیم کی جا چکی ہے۔ عالمی ادارہ کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین میں تقسیم کرنے کیلئے 86 ہزار ٹن گندم عطیہ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 26 ہزار میٹرک ٹن گندم حکومت کی جانب سے مہیا کی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 25 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

امجد جمال نے مزید کہا کہ ان کا ادارہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی سے قبل 9 لاکھ 30 ہزار بے گھر افراد کی کفالت کر رہا تھا اور یہ کام حکومت پاکستان کے تعاون کے ساتھ کیا جا رہا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں گندم مہیا کرتی ہے اور وہ اسے آٹے میں تبدیل کر کے لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی حکام کی جانب سے متاثرین کی امداد کیلئے 5.5 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :