پاک فوج نے آئی ڈی پیز کیلئے 26 ٹرکوں پر مشتمل 220 ٹن سامان کی پہلی کھیپ بنوں روانہ کر دی

بدھ 9 جولائی 2014 14:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) پاک فوج نے راولپنڈی سے شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کیلئے آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیاء خوردونوش کے 26 ٹرکوں پر مشتمل 220 ٹن سامان کی پہلی کھیپ بنوں روانہ کر دی ہے۔امدادی کھیپ بھجوانے کے حوالے سے آرمی ریس کورس گراؤنڈ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کمانڈنگ آفیسر لاجسٹک 10کور بریگیڈیئر سعید اور لیفٹیننٹ کرنل فضل کے علاوہ 10کور کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

کمانڈنگ آفیسر لاجسٹک 10کور بریگیڈئر سعیدنے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی ڈی پیز کے لیے پوری قوم نے بے مثال فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے اور شمالی وزیرستان کے بھائیوں کی اس مشکل گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم اور عوام کی مدد سے آج امدادی سامان کے 26ٹرک بنوں روانہ کیے جارہے ہیں اور یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

امدادی سامان کے حوالے سے بریگیڈیئر سعید نے بتا یا کہ ان 26ٹرکوں میں مجموعی طورپر 220ٹن سامان ہے، 5000فیملی بیگوں میں 90ٹن آٹا ‘8ٹن چاول، 6ٹن گھی، 11ٹن چینی، 2ٹن خشک گھی، 3ٹن کھجوریں، 3ٹن پانی، 4ٹن مشروبات (جوس، ٹینگ) شامل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ امدادی سامان کے دوسری کھیپ بھی بہت جلد بنوں روانہ کی جائے گی ‘مخیر حضرات کاایسا ہی تعاون اور جذبہ درکا ر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موبی لنک ایچ آر کے وائس پریذیڈنٹ آغا قاسم نے متاثرین کی امداد کیلئے ایک ہزار فوڈ پیکیجز عطیہ کئے ہیں جو متاثرین تک پہنچائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :