پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو تمام معاملات اور مسائل کو پارلیمنٹ کے فورم پر بات چیت کرنی چاہیے ,خواجہ آصف

بدھ 9 جولائی 2014 13:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو تمام معاملات اور مسائل کو پارلیمنٹ کے فورم پر بات چیت کرنی چاہیے یوم آزادی کے دن پاکستان تحریک انصاف کے ریلی میں لوگ شرکت نہیں کریں گے مشرف کا فیصلہ عدالت کریگی , تمام اداروں کو اپنے دائرہ کے اندر کام کرنا چاہیے ,سورج ‘ ہوا، پانی‘ کوئلہ اور دیگر وسائل کے ذریعے بجلی پیدا کی جاسکتی ہے نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوچکی ہے  نیلم‘ جہلم اور منگلا و تربیلا کے اگلے فیز سے کافی توانائی حاصل ہوگی , پانی اور بجلی کے شعبوں میں کرپشن کو ختم کیا جائیگا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے شعبوں میں چوری کو کنٹرول کرنے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے منصوبوں کی تکمیل کے بعد لوڈشیڈنگ میں کمی کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ گھریلو اور کمرشل طلب کو پورا کرنے کے لئے بجلی پر بڑی رقم خرچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلم‘ جہلم اور منگلا و تربیلا کے اگلے فیز سے کافی توانائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی اور جامشورو کے منصوبے کا کام بھی مستقبل قریب میں مکمل ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم شمسی توانائی کے منصوبے سے جنوبی پنجاب کے عوام کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانی اور بجلی کے شعبوں میں کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی کے دن پاکستان تحریک انصاف کے ریلی میں لوگ شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو تمام معاملات اور مسائل کو پارلیمنٹ کے فورم پر بات چیت کرنی چاہیے۔ مشرف کے کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنے دائرہ کے اندر کام کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں میڈیا کا مثبت کردار ہے۔