دہشت گردی کے واقعات ، قومی فضائی کمپنی پرمنفی اثرات مرتب

بدھ 9 جولائی 2014 12:40

دہشت گردی کے واقعات ، قومی فضائی کمپنی پرمنفی اثرات مرتب

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء)کراچی ایئرپورٹ پر حملے اور پشاور میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کے طیارے کو نشانہ بنانے کے بعدغیرملکی ایئرلائنز نے پی آئی اے کو ویٹ لیز پر جہاز دینے سے انکارکردیاہے۔دوسری جانب ایوی ایشن ماہرین کا کہناہے کہ ویٹ لیز پر جہاز کا حصول خود پی آئی اے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی اور پشاورائیرپورٹ پر دہشت گردی کی کاروائیوں کا قومی فضائی کمپنی پربھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ویٹ لیز پر چار جہازوں کے حصول کیلئے پیشکش طلب کی تھیں جس کا اب تک کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ جبکہ مدت پوری ہونے پرترکش اور چیک رپبلک ائیرلائن کے فراہم کردہ تین جہاز واپس جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ویٹ لیز پر جہاز حاصل کرکے خود پی آئی اے کو تباہ کیا جارہا ہے۔پالپا کے صدر کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلائن انتہائی بد انتظامی اورسیاسی مداخلت کا شکار ہے۔

اعلی ترین عہدوں پرنا تجربہ کارافسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ اقربا پروری کا یہ عالم ہے کہ سولہ جہاز کی ائیرلائن میں دنیا میں سے زیادہ ملازمین موجود ہیں۔پی آئی اے نے آخری بار منافع 2004میں کمایا تھا، ناقص پالیسیوں، سیاسی عمل دخل اور اقربا پروری کے باعث آج یہ ادارہ سفید ہاتھی بن چکا ہے۔واضح رہے کہ دسمبر 2013 تک پی آئی اے کا خسارہ 36 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔