پوری قوم پاک فوج سے محبت کرتی ہے: الطاف حسین

اتوار 6 جولائی 2014 20:50

پوری قوم پاک فوج سے محبت کرتی ہے: الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جولائی۔2014ء) ایم کیو ایم کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں بھرپور مظاہرہ، الطاف حسین کہتے ہیں آج کا جلسہ ثبوت ہے کہ پوری قوم پاک فوج سے محبت کرتی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد اور جلسے کے شرکاء کا پاک فوج کو سلیوٹ،پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی میں ویڈیو لنک کے ذریعے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

آج ایم کیو ایم نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان جلسہ منعقد کیا ہے۔ جلسے کی کامیابی پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاک فوج دیکھ لے پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے۔ فوج کیلئے غیر مشروط خدمات پہلے بھی پیش کیں اور اب بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے معاملے پر پاک فوج نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔ آج پاک فوج دہشتگردی سے نبرد آزما ہے اور ہر محاذ پر دہشتگردوں کو شکست دے رہی ہے جس پر میں مسلح افواج کو شاباش پیش کرتا ہوں۔

اب پہلے ملک سے دہشتگردوں کا صفایا ہوگا، پھر ملک کو لوٹنے والوں سے دو، دو ہاتھ ہونگے اور اس کے بعد وڈیروں کی باز پرس کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ملک میں جلد انقلاب آنے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو تباہ کرنا ہو تو نفرتوں کے بیج ڈالے جاتے ہیں۔ دشمنوں نے ملک میں فرقہ واریت کے بیج بوئے۔ دہشتگرد کلاشنکوف اور تلواروں سے اپنی شریعت نافذ کرنا چاہ رہے ہیں۔

دہشتگرد اپنے خود ساخۃ نظریے کو دوسروں پر مسلط کرنے کی کوشش نہ کریں۔ الطاف حسین نے کہا کہ آرٹکیل 6 ایک نہیں ہوتا اس میں اے، بی اور سی سیکش بھی ہوتے ہیں۔ مقدمہ چلانا ہے تو پرویز مشرف کے ساتھیوں پر بھی مقدمہ چلایا جائے۔ پرویز مشرف کے برابر میں ایک گھر خالی کروا کر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو بھی وہاں بند کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک وزیراعظم برطرف اور دوسرے پر سیکڑوں مقدمات بنے۔

ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کروانا ہے تو کروا دیا جائے۔ جیلوں میں جانا ان کا کام ہے۔ اب تو لندن کا لاک اپ بھی دیکھ لیا ہے۔ جلسہ عام سے خطاب میں الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر سکول اور کالج بنائے جائیں۔ ملک سے دوہرا نظام تعلیم بھی ختم کیا جائے۔ الطاف حسین نے تمام پاکستانیوں سے شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کے لئے ایک وقت کا کھانا دینے کی اپیل بھی کی۔