طالبان کا آپریشن ضرب عضب کے جواب میں آپریشن صلاح الدین ایوبی شروع کرنے کا اعلان

منگل 1 جولائی 2014 00:53

طالبان کا آپریشن ضرب عضب کے جواب میں آپریشن صلاح الدین ایوبی شروع کرنے ..

پشاور ( رحمت اللہ شباب ۔اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جولائی۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان نے کہا ہے کہ ہمارے تمام ساتھی امیر مولوی فضل اللہ کی قیادت میں متحد ہیں اور سیکورٹی فورسز کے خلاف شمالی وزیرستان میں برسرپیکار ہیں ۔نامعلوم مقام سے اُردو پوائنٹ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سینئر کمانڈر گیلا من محسود کا کہنا تھا کہ طالبان میرعلی شمالی وزیرستان سے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں شروع ہونے والے آپریشن ضرب غصب میں ہمارے ابھی تک 9 ساتھی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پانچ زخمی ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں تمام جنگجو گروپ امیر مولوی فضل اللہ کی قیادت میں متحد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ ہم شمالی وزیرستان سے طالبان کا خاتمہ کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آپریشن ضرب غصب کے خلاف آپریشن صلاح الدین ایوبی کا آغاز کیا ہے ۔جس طرح صلاح الدین ایوبی نے کفار کے قبضے سے بیت القدس آزاد کیا۔ اسی طرح ہم پاکستان سے کفری نظام کا خاتمہ کرکے شریعت نافذ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان سے عام شہریوں کے نکل جانے کے بعد اصل جنگ اب شروع ہوگی۔ فوج خوش خیالی میں نہ رہے۔ اب یہ جنگ ہار اور جیت کی صورت اختیار کرچکی ہے اور جیت ہماری ہوگی کیونکہ ہم نے بھرپور حکمت عملی تیار کرلی ہے اور خودکش بمبار کا دستہ انتظار کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا وزیرستان میں بارودی سرنگوں بچھانے کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔جس طرح امریکہ نے دنیا کی تمام طاقتوں کے باجود بھی اپنا قبضہ نہ جما سکا اسی طرح پاکستانی فورس بھی وزیرستان میں طالبان کو ختم نہیں کرسکتے ۔