پینالٹی شوٹ آؤٹ پر فتح، برازیل کوارٹر فائنل میں

ہفتہ 28 جون 2014 01:11

پینالٹی شوٹ آؤٹ پر فتح، برازیل کوارٹر فائنل میں

برازیل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جون۔2014ء) فٹبال ورلڈ کپ کے پہلے پری کوارٹر فائنل میں برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چلی کو پینالٹی ککس پر 2-3 سے شکست دے دی۔پری کوارٹر فائنل کے پہلے میچ میں برازیل اور چلی کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جہاں برازیل نے ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا۔برازیل کے ڈیوڈ لوئیز نے اٹھارویں منٹ میں نیمار کی کارنر کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی لیکن یہ کافی ثابت نہ ہو سکی۔

ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد چلی نے بھی جارحانہ انداز اپنایا 32ویں منٹ میں گول داغ کر برازیل کی برتری کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور پہلا ہاف ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔

(جاری ہے)

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی گول نہ کرسکیں اور میچ کا اختتام ایک ایک گول سے برابری پر ہوا۔

اس دوران میچ میں ریفری نے ایک متنازع فیصلہ اس وقت دیا جب برازیل کی جانب سے کیا جانے والا گول ریفری نے تسلیم کرنے کے بعد مسترد کردیا۔برازیل کے کھلاڑی ہلک نے گیند کو چلی کے گول میں ڈال دیا جسے ابتدا میں ریفری نے گول قراردیا لیکن بعد میں ساتھی امپائرز کی معاونت سے اسے مسترد کردیا گیا جہاں ریفری کے مطابق ہلک نے گول کرنے سے قبل ہاتھ کا استعمال کر کے گیند روکی۔

میچ کے اضافی میں شائقین کو شاندار کھیل دیکھنے کا موقع ملا جہاں دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کرتی دکھائی دیں لیکن اضافی 30 منٹ میں بھی مقابلہ برابر ہی رہا۔پینلٹی شوٹ آؤٹ پر برازیل ڈیوڈ لوئز نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کے لیے مرد بحران کا کردار نبھاتے ہوئے گول اسکور کیا جبکہ دوسری جانب چلی کے کھلاڑی کی ماری گئی ہٹ برازیلین گول کیپر نے روک لی۔

لیکن دوسری جانب برازیل کے ویلین اس سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور پینالٹی کو باہر پھینک دیا۔تاہم جولیا سیزر کے ارادے انتہائی خطرناک تھے جنہوں نے چلی کی لگاتار دوسری پینلٹی روک لی۔برازیل کی تیسری پینالٹی پر مارسیلو نے گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی تو دوسری جانب چلی نے بھی پہلی بار پینالٹی پر گول اسکور کیا۔لیکن میچ میں سنسنی اس وقت پھیلی جب ہلک نے برازیل کی چوتھی پینالٹی ضائع کردی جہاں ماہرین کے مطابق وہ گول مسترد ہونے کے دباؤ کے باعث گیند کو صحیح طریقے سے جال میں نہ پھینک سکے۔

چلی نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور اسکور کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔برازیل نے آخری پینالٹی کے لیے اپنے اسٹار نیمار کو اتارا جنہوں نے کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے گیند کو گول کی راہ دکھا دی۔تاہم دوسری جانب چلی کے کھلاڑی آخری پینالٹی کا دباؤ برداشت نہ کر سکے اور ان کی لگائی گئی ہٹ پوسٹ سے لگ کر واپس آ گئی اور اس طرح برازیل نے کامیابی حاصل کر کے چلی کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔پینلٹی ککس میں تین دو سے فتح کے ساتھ ہی برازیل نے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا مقابلہ کولمبیا اور یوراگوئے کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :