Live Updates

وفاقی حکومت نے عمران خان کے چار سوالوں کے جواب دیدیئے

ہفتہ 28 جون 2014 20:10

وفاقی حکومت نے عمران خان کے چار سوالوں کے جواب دیدیئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 2جون 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے عمران خان کی طرف سے اٹھائے گئے چاروں سوالوں کاجواب دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان لانگ مارچ پر دو ارب روپے خرچ کرنے کی بجائے یہ رقم آئی ڈی پیز پرخرچ کریں جس سے وہ لوگ بھی ان کودعائیں دینگے اور ہم بھی مبارکباد دینگے ،نوازشریف کوجیت کی تقریر کامشورہ دینے پرعمران خان مجھے پھانسی پرلٹکادیں،اگرانتخابات میں ہمیں پنکچر لگانا ہوتے تو پنڈی میں حنیف عباسی کے حلقے میں عمران خان کی پوری ٹیوب ہی پھاڑ دیتے لیکن ہم ایسی باتوں پر یقین نہیں رکھتے،پنجاب میں نگران حکومت نے مسلم لیگ ن کے سیاسی دشمنوں کے من پسند افراد کواہم عہدوں پر تعینات کیا مگر ہم نے اس کی کبھی شکایت نہیں کی ،عمران خان اس وقت ٹیمپرڈ بال سے گیند کروارہے ہیں ہم اس کو سٹیٹ بیٹ سے کھیلیں گے،عمران خان سے کرکٹ میچ کھیلنے کیلئے تیار ہیں مگر وہ ایمپائر کے فیصلے کو ماننے کی عادت ڈالیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوپرنسپل انفارمیشن آفیسرراؤ تحسین علی خان کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے چار سوالوں کاجواب حاصل کرنے کیلئے دو ارب روپے کاخرچہ کرنے کاسوچ رہے ہیں وہ دس لاکھ افرادکو اسلام آباد میں لانے کی بات کررہے ہیں اگر ایک فرد پر دو ہزار روپے بھی خرچہ آئے تو یہ رقم دو ارب روپے بنتی ہے عمران خان یہ رقم خبرپختونخوا میں آئی ڈی پیز پرخرچ کریں ان کے سوالوں کے جواب میں دیتا ہوں انہوں نے کہاکہ عمران خان پوچھتے ہیں کہ میاں نوازشریف سے گیارہ مئی کو رات ساڑھے گیارہ بجے تقریر کس نے کروائی ؟ وزیراطلاعات نے کہا کہ پولنگ کاوقت پانچ بجے ختم ہوجاتا ہے اور گنتی شروع ہونے کے بعد نتائج آنا شروع ہوجاتے ہیں گیارہ مئی کو ساڑھے گیارہ بجے تک قومی اسمبلی کے 120 حلقوں کے نتائج کااعلان ٹیلی ویژن پر ہوچکا تھا اور 120 حلقوں میں مسلم لیگ ن جیت چکی تھی یا اس کے امیدوار آگے تھے انہوں نے کہا کہ اس روز میں مسلم لیگ ہاؤس میں تھا جب 120 حلقوں کے نتائج آگئے تو میں نے میاں نوازشریف سے عرض کی کہ وہ اپنے کارکنوں کا شکریہ ادا کریں لہٰذا یہ تقریر کرانے کاجرم میں نے کیا ہے اس کی کیا سزا ہے میرے خلاف پشاور کے تھانے قصہ خوانی میں مقدمہ درج کرادیں میں اس کیخلاف عدالت میں بھی نہیں جاؤنگا ۔

ایک سوال کاجواب دے دیا ہے لہٰذا یہ 50 کروڑ روپے آئی ڈی پیز کے فنڈ میں دے دیں۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیاتھا کہ ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لئے جائیں اس کامطالبہ مسلم لیگ ن ، پی پی پی، جے یو آئی ف ، ایم کیو ایم یاکسی بھی سیاسی جماعت کانہیں تھا عمران خان نے 20 اکتوبر2012ء میں یہ مطالبہ کیاتھا وزیراطلاعات نے 20 اکتوبر2012ء کو اخبارات میں شائع ہونیوالی وہ خبر بھی پڑھ کر سنائی اور کہا کہ یو ٹرن لینا اوربات کو بدلنا عمران خان کی عادت بن چکی ہے جبکہ وہ خود ہی جج اورجلاد بھی بن جاتے ہیں عمران خان کے دوسرے سوال کاجواب آگیا ہے لہٰذا اب ایک ارب روپے آئی ڈی پیز کے فنڈ میں دے دیں انہوں نے کہا کہ تیسرا سوال عمران خان کانگران حکومتوں کے حوالے سے ہے مسلم لیگ ن نے جسٹس شاکراللہ جان، جسٹس ناصر، اسلم زاہد اور رسول بخش پلیجو کانام دیا جبکہ پیپلزپارٹی نے اپنے تین نام دیئے اس حوالے سے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کی کئی میٹنگیں ہوئیں مگر کامیاب نہ ہوسکیں پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے پیپلزپارٹی نے نجم سیٹھی کا نام دیاتھا نجم سیٹھی نے نگران وزیراعلیٰ بنتے ہیں چیف سیکرٹری پنجاب ناصر کھوسہ کو تبدیل کردیا جو کہ انتہائی ایماندار افسر ہیں اور جن کے دامن پرکسی قسم کاکوئی داغ نہیں ہے وفاقی حکومت نے قمرزمان کاتقرر کیا انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے ملاقات کی اورالزام عائدکیا کہ قمرزمان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھتے ہیں اس پر قمرزمان نے یہ عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی جبکہ عمران خان نے بھی نجم سیٹھی سے ملکر قمرزمان کاتقرررکوادیا انہوں نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سیکرٹری سے لیکر چپڑاسی تک سب کو تبدیل کردیا مسٹر طارق کو ہوم سیکرٹری اورراؤ افتخار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کیاگیا ہے جو کہ چودھری پرویزالٰہی کے انتہائی قریبی آدمی ہیں چودھری پرویزالٰہی کے انتہائی پسندیدہ ترین امجد بھٹی کو ڈی جی پی آر پنجاب لگایاگیامگر اس حوالے سے ہم نے کوئی شکایت نہیں کی کہ مسلم لیگ ن کے مخالف افسروں کو اہم عہدوں پر تعینات کیاگیا ہے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد میاں نوازشریف کیخلاف الیکشن لڑ رہی تھیں اورگزشتہ روز بھی بہاولپور کے جلسے میں سٹیج پر موجود تھیں ان کے سگے بھائی جو کہ سیکرٹری ہیلتھ تھے صرف ان کو تبدیل نہیں کیاگیا جبکہ باقی تمام افسران کے تبادلے کئے گئے صحت کاشعبہ بہت اہم ہے جو براہ راست عوامی ڈیلنگ سے منسلک ہے ہم بڑے دل کے لوگ ہیں ہم تنقیدنہیں کرتے ہم ایک سال خاموش رہے اور عمران خان کی کسی بات کا جواب نہیں دیا لیکن اب مجبوراً جواب دینا پڑا ہے میں نے عمران خان کے تین سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں وہ ڈیڑھ ارب آئی ڈی پیز کو دے دیں۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ عمران خان کاچوتھاسوال 35 حلقوں کے نتائج تسلیم کرنے سے متعلق ہے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق تحریک انصاف کے 77حلقوں میں امیدوار8فیصد سے زیادہ ووٹ نہیں لے سکے جبکہ صوبائی اسمبلی کی 100 سے زائد نشستوں پران کے امیدوار موجود ہی نہیں تھھے تحریک انصاف کے امیدوار درجنوں حلقوں میں 40 سے 50ہزار ووٹوں کی اکثریت سے ہارے ہیں اگر ہمیں پنکچر لگانا ہوتے تو پنڈی میں حنیف عباسی کے حلقے میں عمران خان کی پوری ٹیوب ہی پھاڑ دیتے لیکن ہم ایسی باتوں پریقین نہیں رکھتے انہوں نے کہاکہ میں نے عمران خان کے چاروں سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں اب عمران خان کو چاہیے کہ وہ لانگ مارچ پر خرچ ہونیوالے دو ارب روپے آئی ڈی پیزکو دے دیں جس سے وہ لوگ بھی ان کو دعائیں دینگے اور ہم بھی مبارکباد دینگے طاہرالقادری سے متعلق سوال کے جواب میں طاہرالقادری نے کہاکہ جب عوام ووٹ کے ذریعے اپنی رائے کااظہار کردیتے ہیں اور منتخب حکومت توانائی بحران اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام شروع کرتی ہے اوراسے کامیابیاں ملناشروع ہوتی ہیں تو طاہرالقادری کیوں ایسے کام شروع کرتے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ الیکشن کے بعد جب حکومتیں بن جاتی ہیں تو تمام سیاسی قوتیں ایک قوم بن کر قومی مسائل حل کرنے کیلئے کام کرتی ہیں اور قومی ایجنڈے کی تکمیل کرتی ہیں مگر ہمارے ملک میں تسلسل سے یہ واقعات ہوتے ہیں کہ جب بھی حکومت آتی ہے اورمنتخب حکومت کیخلاف دو اڑھائی سال بعد اس طرح کے تماشے شروع کردیئے جاتے ہیں مگر اب یہ 1990 یا1977 یا1999ء نہیں 2014کاپاکستان ہے میڈیا آزاد ہے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ڈاکٹرارسلان کو بلوچستان کے سرمایہ کاری بورڈ کا وائس چیئرمین مقرر کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں پرویزرشید نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا اس حوالے سے بیان آچکاہے میں اس بارے میں کچھ نہیں کہونگا نجم سیٹھی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نجم سیٹھی نے چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ سے باہرہوچکا تھا مگر نجم سیٹھی کی کوششوں سے پاکستان کرکٹ کی دنیا میں دوبارہ داخل ہوا ہے انہوں نے کہاکہ عمران خان سے بھی کام لیاجاسکتا ہے کیونکہ وہ دہشتگردوں سے بات چیت کے حامی رہے ہیں میاں نوازشریف خود چل کرعمران خان کے گھر گئے ہم انتقام کی سیاست پریقین نہیں رکھتے بلکہ رواداری کی سیاست کرناچاہتے ہیں۔

سانحہ لاہور سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی جوڈیشنل تحقیقات ہورہی ہیں ہم نے اپنے وزیرسے استعفیٰ لیاہے کیا اس سے پہلے پاکستان میں ایسی کوئی مثال موجود ہے کیالال مسجد کے واقعہ کے بعد کسی سے استعفیٰ لیا گیا مولاناکوثرنیازی کے دور میں بھی گولیاں چلیں مگرکچھ نہ ہوا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے نئی مثال قائم کی ہے اوراپنے وزیرسے استعفیٰ لیا ہے تاکہ وہ تحقیقات پراثرانداز نہ ہوسکے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر سپیکر قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے جو کمیٹی قائم کی ہے اس میں تحریک انصاف کے تین ارکان شامل ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ 2013ء کے انتخابات انتہائی صاف شفاف اورآزادانہ تھے مگر پھربھی بہتری کی گنجائش موجود ہے آئی ڈی پیز کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس میں عمران خان کی شرکت سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ میں عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ آئی ڈی پیز کے حوالے سے بلائی جانیوالی مجوزہ اے پی سی میں ضرور شرکت کریں کیونکہ یہ قومی معاملہ ہے انتخابی دھاندلی سے متعلق کمیٹی بنانے کے سوال پر پرویز رشید نے کہاکہ ایسی کمیٹی بنانے کا حکومت کے پاس کوئی ا ختیارنہیں ہے یہ اختیار الیکشن کمیشن، الیکشن ٹریبونل اورعدالت کا ہے انہوں نے کہاکہ حامد خان کے وکیل بار بار تاریخیں لیکر خود کیس کوطوالت دے رہے ہیں اوراب وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کابیان ویڈیو لنک کے ذریعے لے لیاجائے وزیراعظم کی طرف سے ٹانگیں کھینچنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ حکومت کی ٹانگیں عمران اورطاہرالقادری کھینچ رہے ہیں جنہوں نے پاکستان میں بین الاقوامی پروازیں بندکرادیں طاہرالقادری کے کمانڈوز نے جہاز میں پانچ گھنٹوں تک مسافروں کو یرغمال بنائے رکھا یہ ٹانگیں کھینچنانہیں تو اور کیا ہے شاہد آفریدی کی طرف سے عمران خان اور وزیراعظم الیون کے درمیان کرکٹ میچ کی تجویز سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ ہمیں عمران خان کے ساتھ سیاست کرکے بھی خوشی ہوتی ہے اور کرکٹ کھیل کر بھی خوشی ہوگی اگر ہم کرکٹ میں میچ ہار گئے تو نتائج تسلیم کریں گے مگر کیاعمران خان اپنی ہار مان لیں گے؟ عمران خان اس وقت ٹیمپرڈبال سے گیند کروارہے ہیں ہم اسے سٹیٹ بیٹ سے کھیلیں گے ہم امپائر کے فیصلے کو مانیں گے عمران خان بھی ایمپائر کے فیصلے کوماننے کی عادت اپنائیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری بھی خیرات کے پیسے سیاست پر خرچ کرتے ہیں اور عمران خان کی پارٹی کے لوگ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان فنڈز کاغلط استعمال کررہے ہیں مگر اس اس بارے میں کچھ نہیں کہتا۔

عیدالفطر کے بعد اورعیدقربان سے پہلے حکومت کو کسی قسم کاکوئی خطرہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ چھوٹی عید پر ہم سویاں کھائیں گے اور بڑی عید پر گوشت کاپلاؤ کھائینگے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :