حکومت سندھ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، خیبر پختونخواہ حکومت کو چاہیے متاثرین کیلئے امدادی کیمپس قائم کر کے تمام سہولتیں فراہم کرے،سینئرصوبائی وزیر تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو

جمعہ 27 جون 2014 22:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) سینئرصوبائی وزیر تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق کسی بھی شہری کو ملک کے کسی بھی حصے میں سکونت اختیار کرنے کا حق حاصل ہے خیبر پختون خواہ حکومت شمالی وزیر ستان میں آپریشن کی وجہ سے متاثر ہونے والے آئی ڈی پیز کوسہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی آپریشن متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت سندھ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، خیبر پختون خواہ حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرین کے لیے امدادی کیمپس قائم کر کے تمام سہولتیں فراہم کرے سندھ حکومت بھی اس میں ہر ممکن تعاون کرے گی، سخت گرمی کے موسم میں آپریشن متاثرین کی نقل مکانی سے خواتین اور بچوں کی اموات کا خدشہ ہے۔

وہ مقامی ہوٹل میں امسا کے آٹھویں کانووکیشن کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے، سندھ یونیورسٹی جامشورو کی وائس چانسلر ڈاکٹر عابدہ طاہرانی ، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ ، امسا کے چیئرمین شفیق حیدر موسوی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن اور افغانستان میں جنگ کے دوران آئی ڈی پیز کے لیے مختلف امدادی کیمپس قائم کیے گئے تھے جن میں متاثرین کو ہر ممکن سہولتیں دی جارہی تھیں جس کے بعد حالات ساز گار ہونے پر وہ آئی ڈی پیز اپنے علاقوں میں چلے گئے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آئین کے مطابق ملک کے ہر شہری کو ملک کے کسی بھی حصہ میں سکونت اختیار کرنے کا حق حاصل ہے اور ہم نے سندھ میں آنے والے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے اور حالات بہتر ہونے پر ان آئی ڈی پیز کو بھی انکے علاقوں کی جانب بھیجنے میں مدد کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ حکومت ایسی صورتحال پیدا کر رہی ہے جس سے عوام کی تکالیف میں مزید اضافہ ہو اور وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں، ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے ووٹ کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں،آئین کی خلاف ورزی کرنا یا تبدیلی کی خواہش کرنا آئین کے مطابق غداری کے زمرے میں آتا ہے اور ہم ایسے کسی بھی عمل کا ساتھ نہیں دیں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ متحدہ کی رکن قومی اسمبلی کے قتل پر پنجاب حکومت نے بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔

قبل ازیں کانووکیشن سے خطاب میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں ہر گریجویٹ کو سرکاری نوکری ملے جبکہ ہم نے اپنی حکومت میں نا صرف کئی نوجوانوں کو روز گار دیا بلکہ دیگر حکومتوں کی جانب سے برطرف کیے جانے والے نوجوانوں کا بھی روز گار بحال کر کے عوامی خدمت کا ثبوت دیا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس کئی طریقے ہیں جس سے وہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد بہترین صلاحیتوں کی بنا پر اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں آج کے جدید دور میں یہ بھی ممکن ہو گیا ہے کہ وہ گھروں میں بیٹھ کر انٹر نیٹ کے ذریعے بھی کما سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ نے کئی ایسی مثال قائم کیں ہیں جس میں محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کی ترقی کے لیے نا صرف وومین بینک قائم کیا بلکہ اس کی صدر بھی ایک خاتون کو مقرر کیا اسی طرح خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے وومین پولیس جیسی سہولت سے لے کر خاتون کو جج بنانے اور خواتین کو جنرل نشست پر عوامی نمائندے کی حیثیت دلانے کے لیے بھی بینظیر بھٹو کا کردار قابل ستائش ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ سندھ کے دو بڑے تعلیمی اداروں سندھ یونیورسٹی جامشورو اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائس چانسلرز بھی خواتین ہیں اور یہ تاریخی مثال بھی سندھ کے حصے میں آئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر 20 ہزار 700 اساتذہ بھرتی کیے ہیں جبکہ نوجوان لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ٹیسٹ میں ان کو 20 اضافی نمبر دے کر اساتذہ بھرتی کی ہیں کیونکہ جب تک ہم خواتین کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے اس وقت تک ترقی نہیں ہو سکتی، انہوں نے کہا کہ عورت بحیثیت ماں بہترین مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک اسکول کھولنے سے ایک جیل کا دروازہ بند ہوتا ہے اور حکومت سندھ تعلیم کے فروغ کے لیے نا صرف نئے اسکول کھولے ہیں بلکہ بند اسکولو ں کو بھی فعال بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا ملک کے 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہمارا مستقبل بھی یہ نوجوان ہیں جن کی تعلیم و ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، انہوں نے کہا سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی ادارے بھی سندھ کی تعلیم کے فروغ کے لیے بہتر کردار ادا کر رہی ہیں اور یقینا ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنے سے سندھ میں تعلیم کو فروغ ملے گا، ا س موقع پر نوجوانوں میں ایم بی اے اور آئی ٹی کی ڈگریاں اور پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں میں میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :