Live Updates

عمران خان کا انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار، حکومت کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن، 14 اگست کو لانگ مارچ کا اعلان

جمعہ 27 جون 2014 21:53

عمران خان کا انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار، حکومت کو ایک ماہ کی ڈیڈ ..

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جون۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کے نتائج قبول کرنے سے انکار کر دیا، کہتے ہیں میاں صاحب! اب چار حلقے کھولنے کا وقت بھی گزر چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیتا ہوں۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو 14 اگست کو اسلام آباد میں لانگ مارچ ہوگا۔بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا ہمیں عام انتخابات کے نتائج قبول نہیں ہیں۔

انہوں نے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے حکومت کے سامنے اپنے مطالبات پیش کر دیئے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلی ڈیمانڈ یہ ہے کہ 11 مئی کو کس نے فتح کی تقریر کروائی؟ دوسری ڈیمانڈ یہ ہے کہ الیکشن میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا کیا کردار تھا؟ ہماری تیسری ڈیمانڈ یہ ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ 2013ء کے عام انتخابات میں نگران حکومت کا کیا کردار تھا۔

(جاری ہے)

ہماری چوتھی ڈیمانڈ یہ ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ 35 حلقوں میں نتائج کس نے تبدیل کروائے. عمران خان نے الیکشن کمشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو تحریک انصاف کا سونامی 14 اگست کو اسلام آباد کا رُخ کرے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اور خیبر پختونخوا حکومت کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے فیصلے کے بارے میں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ہمیں ٹیلی ویژین کے ذریعے آپریشن ضرب عضب کا پتا چلا۔ آج دہشتگردوں کیخلاف جنگ کے باعث شمالی وزیرستان سے 5 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجور ہیں۔ شمالی وزیرستان کے عوام پاکستان میں امن کے قیام کیلئے اپنا گھر بار چھوڑ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہم پر ذمہ داری ڈال دی ہے کہ ہم ان مجبور اور بے سہارا بہن بھائیوں کی مدد کریں کیونکہ وہ اس وقت بڑے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔

آئی ڈی پیز کی مدد کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اور تحریک انصاف آخری دم تک شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کرے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف شمالی وزیرستان کے مجبور عوام کے نام پر سیاست نہ کریں۔ لوگوں کی تکلیفوں پر اپنی سیاست نہ چمکائی جائے۔ میرے ساتھ وہاں تصاویر کھینچوانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

میں وزیراعظم نواز شریف کو بنوں آنے کی دعوت دوں گا۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹائون میں پولیس نے نہتے شہریوں پر گولیاں چلائیں۔ لوٹ مار کرنے والی پولیس عوام کی حفاظت کیسے کرے گی۔ جب تک پولیس غیر سیاسی نہیں ہوتی، جرم کرتی رہے گی۔ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب پولیس کو ٹھیک کرکے دکھائوں گا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جلسے کے لئے سوچ سمجھ کر بہاولپور کا انتخاب کیا تھا۔

جب نوجوانوں کا جنون ہو تو کیوں نہ حکومت پریشان ہو۔ انہوں نے کہا ملک میں آج بھی مُک مُکا کی حکومت ہے. سرائیکی صوبے کے نام پر ووٹ لینے والے گیلانی دعویٰ کرتا تھا کہ سرائیکی صوبہ بنے گا. شہباز شریف کہتے تھے بہاولپور کا پرانا تشخص بحال کرائیں گے لیکن ہم بہاولپور والوں سے فریب کرنے نہیں آئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پنجاب کے کوٹے میں شمالی اور جنوبی پنجاب کا کوٹہ ہونا چاہیئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا تحریک انصاف حکومت میں آئے گی تو جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کریں گے۔ جاوید ہاشمی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا بہاولپور کے عوام نے دل نکال کر عمران خان کے قدموں میں رکھ دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے خطے کو 50 سال تک دھوکہ دیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا عمران خان جنوبی پنجاب کی امیدوں کے چراغ ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :