منشیات کے شکار لوگوں کو اس لعنت سے نجات دلانے کیلئے 38ملین روپے سے پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے ‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

حکومت منشیات کیخلاف قوانین کو سختی سے نافذ اور اس لعنت کیخلاف رائے عامہ بھی بیدار کررہی ہے‘ وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب

جمعرات 26 جون 2014 13:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جون۔2014ء) صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت منشیات کے خلاف قوانین کو سختی سے نافذ اور اس لعنت کے خلاف رائے عامہ بھی بیدار کررہی ہے، علماء ، اساتذہ ، فلاحی تنظیمیں ، منتخب نمائندے خصوصا میڈیا منشیات کے استعمال کے ہولناک نتائج سے عوام کو آگاہ کریں، والدین بھی اپنے بچوں اور ان کے دوستوں پر نظر رکھیں تاکہ مستقبل کے معماروں کو معاشرے کے قاتل سے بچایا جاسکے تاہم بحیثیت مجموعی معاشرے کے تمام طبقوں کو اس کے خاتمہ کے لئے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں۔

انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ تمباکو نوشی کے خلاف بھی عوام میں شعور بیدار کریں کیونکہ تمباکو نوشی سینے و پھیپھڑے کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ منشیات استعمال کرنے کا باعث بھی بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منشیات کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر لبرٹی گلبرگ میں ایک واک کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ واک میں سول سوسائٹی کے افراد ، گلبرگ کالج کی طالبات و اساتذہ ، محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور ڈرگ فری سٹی کے حکام نے شرکت کی۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے لیے 38ملین روپے سے ایک پراجیکٹ شروع کیا جارہاہے تاکہ منشیات کے شکار لوگوں کو اس لعنت سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے غیر سرکاری فلاحی تنظیموں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور اس منصوبے میں حکومت کا ہاتھ بٹھائیں، حکومت انہیں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے تحت منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کے لیے انسٹی ٹیوٹ مینٹل ہیلتھ نے علیحدہ شعبہ،سرکاری ہسپتالوں میں 20بستروں پر مشتمل علیحدہ وارڈ اور لاہور کی ڈسٹرکٹ و کیمپ جیلز میں بھی علیحدہ وارڈ تعمیر کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :