طاہرالقادری کو قانون کے منافی کوئی کام نہیں کرنے دیا جائے گا‘ رانا مشہود

منگل 24 جون 2014 14:52

طاہرالقادری کو قانون کے منافی کوئی کام نہیں کرنے دیا جائے گا‘ رانا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جون 2014ء) پنجاب کے وزیر قانون رانا مشہود نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو ملک کے آئین اور اداروں پر اعتماد کرنا ہوگا۔ منگل کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر توڑ پھوڑ کرنے والے کارکنوں کیخلاف مقدمات درج ہوچکے اور ان توڑ پھوڑ کرنے والے کارکنوں کیخلاف انتقامی نہیں بلکہ قانونی کارروائی ہوگی۔

جنہوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا ان کیخلاف مقدمات درج ہوں گے اور فسادات میں شامل نہ ہونے والو ں کی رہائی کا حکم بھی دے دیا ہے۔ رانا مشہود نے کہا کہ گذشتہ روز پولیس پر وحشیانہ تشدد کیا گیا اور پولیس پر وحشیانہ تشدد انقلاب لانا نہیں بلکہ ملک میں انارکی پھیلانا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام قومی اداروں پر اعتماد ہے اور جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم جو فیصلہ بھی کرے گی پنجاب حکومت اس پر عملدرآمد کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خوشی ہے کہ گذشتہ روز طاہرالقادری نے گورنر پنجاب پر اعتماد کیا اور طاہرالقادری کو بھی معلوم ہونا چاہئے کہ عدلیہ کی آزادی کیلئے مسلم لیگ (ن) نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں لیکن طاہرالقادری کو بھی ملک کے آئین اور قانون پر اعتماد کرنا ہوگا اور تمام سیاسی سرگرمیاں آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہ کر کرنی ہوں گی اور طاہرالقادری کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت کے پھلنے پھولنے کے حق میں ہے لیکن اگر طاہرالقادری نے آئین اور قانون کے دائرے سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو پھر طاہرالقادری کو قانون کے منافی کوئی کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہا کہ طاہرالقادری الیکشن جیت جائیں اور پھر آئینی طور پر سب کچھ کرلیں۔۔