راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ، اسلام آباد ائیر پورٹ پر فوجی دستے تعینات،شہر میں جلسے ،جلوسوں پر پابندی ہوگی ، ڈی سی او راولپنڈی،عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلا ف انتظامیہ نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے،ترجمان عوامی تحریک

اتوار 22 جون 2014 18:18

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ، اسلام آباد ائیر پورٹ پر فوجی دستے تعینات،شہر ..

راولپنڈی،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جون۔2014ء) راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جورات12 بجے سے منگل کی رات 12 بجے تک نافذ رہے گی جبکہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد سے قبل راولپنڈی انتظامیہ متحرک ہوگئی اور ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے راولپنڈی میں دفعہ 144 اتوار کی رات 12 بجے سے لیکر منگل کی رات12 بجے تک نافذ کر دی اور کہا کہ شہر میں جلسے ،جلوسوں پر پابندی ہوگی اور کسی بھی جگہ پانچ لوگوں کے اکٹھے ہونے پر اور لوڈسپیکر پر اعلانات پر بھی پابندی ہوگی جبکہ بڑی تعداد میں کنٹینرز بھی راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر پہنچا دیئے گئے ہیں تا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کو اسلام آباد ائیر پورٹ پر جانے سے روکا جا سکے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد ائیر پورٹ پر بھی پاک فوج کے دستوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ائیرپو رٹ کی جانب سے جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی ہے تا کہ ائیر پورٹ پر قومی تنصیبات کو کوئی بھی حادثہ رونما نہ ہوا ۔ادھر عوامی تحریک کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ پنجاب میں تحصیل اور ضلعی سطح پر عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلا ف کا انتظامیہ نے کریک ڈاؤ ن شروع کر دیا ہے اور ہفتہ کو رات انتظامیہ نے پنجاب کے نائب امیر اور10 مرکزی رہنما سمیت عوامی تحریک کے500 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن پھر بھی عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ طاہر القادری کا بھر پور استقبال کے لئے تمام رکاوٹوں کو توڑ کر اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچیں گے جبکہ سرکاری ذرائع نے بھی عوامی تحریک کے کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوایم تحریک کے کارکنوں اور رہنماؤں کو16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیاہے۔