وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، طاہرالقادری کی وطن واپسی پر تبادلہ خیال

اتوار 22 جون 2014 14:39

وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، طاہرالقادری کی وطن واپسی پر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22جون۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں سانحہ لاہور، ڈاکٹر طاہر القادری اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق رائیونڈ میں ہونے والی ملاقات میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات اورڈاکٹرطاہرالقادری کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ انصاف کےتقاضے پورےکرنے کے لیےآخری حد تک جائیں گے، سانحے کے فوری بعد جوڈیشل کمیشن قائم کردیا تھا اور اب واقعے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی بنادی ہے جس میں آئی ایس آئی،ایم آئی اورآئی بی کے قابل افسر پولیس کے ساتھ مل کر الگ سے تحقیقات کریں گے۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں کو نہیں روکا جائے گا، اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت مسلسل رابطے میں رہیں گی۔