شمالی وزیرستان آپریشن پر قومی اداروں میں کوئی تقسیم نہیں،پرویز رشید

ہفتہ 21 جون 2014 17:10

شمالی وزیرستان آپریشن پر قومی اداروں میں کوئی تقسیم نہیں،پرویز رشید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21جون 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹرپرویز رشید نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن' خارجہ پالیسی اور معیشت کی بحالی پر قومی اداروں میں کوئی تقسیم نہیں' قومی ایجنڈے پر سب کا اتفاق ہے۔ہماری مسلح افواج بے مثال قربانیاں دے رہی ہے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم قومی خوابوں کو تعبیر دینے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، وہ قوتیں جو حکومت کی پرامن اور خوشحال پاکستان کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں انہیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور آئندہ عام انتخابات کا انتظار کرنا چاہیے، سیاسی قوتیں شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کی تکمیل تک اپنا سیاسی ایجنڈا ترک کردیں۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک کا مستقبل محفوظ بنانے اور وطن عزیز میں قیام امن کیلئے لڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنھوں نے اداروں کے درمیان تقسیم کی بات کی اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ان کا حقیقی سے کوئی تعلق نہیں' ایسے عناصر اپنے مخصوص مقاصد کی ترجمانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اداروں کے درمیان کوئی تقسیم ہوتی تو ہم یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا سٹیٹس کیسے حاصل کرتے' چین سے میگا پراجیکٹس میں کس طرح مدد ملتی اور دیامر بھاشا ڈیم کیلئے امریکہ کی مالی معاونت کیسے حاصل ہو سکتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف کی تقاریر سے جمہوریت کے استحکام' قانون کی بالادستی اور اظہار رائے کی آزادی عیاں ہے۔لاہور کے سانحے کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے' عدالتی کمیشن اس کی تحقیقات کر رہا ہے اس کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کی تکمیل تک اپنا سیاسی ایجنڈا ترک کردیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو مذہب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں وہ قوم کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے پہلے سال کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا' افراط زر گرکر سنگل ڈیجٹ میں آگیا اور جی ڈی پی گروتھ چار فیصد سے آگے نکل گئی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آنے والی حکومت کو ایک نیا اور روشن پاکستان حوالے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف مختلف منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے میں کس طرح ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایک طرف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شریک تھے اور دوسری طرف ایک ہی دن میں اپنے بہادر فوجیوں کا حوصلہ بلند کرنے کیلئے ان کے درمیان کھڑے تھے۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ملکی سطح کا اور معاشی ترقی کیلئے لڑی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں یہ پیغام دینا چاہیے کہ اس وقت ہم قومی جھنڈا اٹھائے ہوئے ہیں نہ کہ سیاسی جماعتوں کے جھنڈے پکڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج بے مثال قربانیاں دے رہی ہے جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف قومی خوابوں کو تعبیر دینے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ وہ قوتیں جو حکومت کی پرامن اور خوشحال پاکستان کی کوششوں میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں انہیں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور آئندہ عام انتخابات کا انتظار کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :