ایم کیو ایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

جمعہ 20 جون 2014 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جون 2014ء) ایم کیو ایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کی نمازہ جنازہ لاہور میں ادا کردی گئی۔ بدھ کے روز طاہرہ آصف پر لاہور میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگی تھیں اور وہ شیخ زید اسپتال میں زیرعلاج تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کا 2 بار آپریشن کیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ان کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی تھی۔

ڈاکٹرز نے طاہرہ آصف کی زندگی کیلئے 36 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے تھے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے کمرے میں رکھا گیا تھا تاہم رات گئے وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

ایم کیوایم کی جانب سے طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس دوران ٹرانسپورٹ اور کاروبار مکمل طور پر کھلا رہے گا۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی تین روز میں گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا جبکہ طاہرہ آصف کے انتقال پر وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور ڈاکٹرطاہرالقادری سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی جانب سے واقعہ کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔