اسلام آباد اور لاہور کو جلا کر راکھ کر دیں گے۔۔۔ طالبان کی دھمکی

پیر 16 جون 2014 17:46

اسلام آباد اور لاہور کو جلا کر راکھ کر دیں گے۔۔۔ طالبان کی دھمکی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جون 2014ء) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو سنگین نوعیت کے حملوں کے لیے تیار رہنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد اور لاہور کوجلد جلاکر راکھ کردیں گے، اب مذاکرات کا وقت ختم ہوگیاہے ، یہ ذہن میں رکھیں کہ جب تم مذاکرات اور امن کی بات کروگے تو بہت تاخیر ہو چکی ہوگی ۔

بین الاقوامی جریدے کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متعلق اپنے ردعمل میں ہلاکتوں پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہداللہ شاہد نے کہاکہ حکومت نے مغربی آقاﺅں کی ہدایت پر آپریشن شروع کرکے قوم کی امن کی خواہشات پر پانی پھیر دیا،نواز شریف اور پنجاب حکومت معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور قبائلی مسلمانوں کی املاک کو نقصان کی ذمہ دارہے اور مجاہدین کی کارروائیاں اُنہیں عبرت کا نشان بنادیں گی ۔

(جاری ہے)

شاہداللہ شاہد کاکہناتھاکہ ملک بھر میں حکومت اور اسلام کے مجاہدین ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں ،کوئی بھی حساس تنصیب یا ادارہ نشانہ بن سکتاہے ۔ترجمان کاکہناتھاکہ حکمرانوں سے نجات کے لیے بلوچ ،سندھی ، پختون اور محب اسلام پنجابیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ اُن کے ساتھ متحد ہوجائیں ۔اُن کاکہناتھاکہ حکمرانوں پر واضح کردیناچاہتے ہیں کہ آپریشن میں قبائلی بچے مارے جارہے ہیں، جلد ہی اسلام آباد اور لاہور میں تمہاری جگہیں ہلادیں گے اور اُنہیں جلاکر راکھ کردیں گے ،ہماری نظریں فتح پر ہیں اور تم دنیا کیلئے ایک مثال بن جاﺅگے ۔