آپریشن ضرب عضب کی تازہ تفصیلات جاری، 140 دہشتگرد ہلاک ،ترجمان

پیر 16 جون 2014 15:26

آپریشن ضرب عضب کی تازہ تفصیلات جاری، 140 دہشتگرد ہلاک ،ترجمان

راول پنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جون 2014ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شمالی وزیرستان ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 140 ہوگئی۔ ترجمان پاک افواج کا کہنا ہے کہ فوج کی بھرپور اور کامیابی کارروائی میں دشمنوں کی چھ کمین گاہیں بھی مکمل تباہ کردی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے شمالی وزیرستان میں جاری پاک افواج کے آپریشن "ضرب عضب" کی نئی تفصیلات جاری کی گئی ہیں، نئی تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں مارے گئے دہشت گردوں کی تعداد 140 ہوگئی، آج ہونے والی کارروائی میں دہشت گردوں کی 6 کمین گاہوں کو بھی مکمل تباہ و برباد کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، شمالی وزیرستان میں بمباری والے علاقے میں سول آبادی کے علاقے شامل نہیں، تمام شہروں اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب میں کے دوران میرعلی میں 3 سیکیورٹی اہل کار زخمی بھی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کیلئے فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ایمرجنسی میں ضلع انتظامیہ فوج طلب کرسکے گی۔
آئی ڈی پیز سے متعلق پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیٹیکل انتظامیہ نے آئی ڈی پیز کیلئے انتظامات مکمل کرليے ہیں، تاحال سول آبادی والے علاقوں میں آپریشن شروع نہیں کیا گیا، پاک افغان سرحد پر اہل کار تعینات ہیں، جب کہ شمالی وزیرستان ایجنسی کو فاٹا اور دیگر ایجنسیوں سے الگ کردیا گیا ہے۔ فاٹا سے دہشت گردوں کی آمدورفت روکنے کیلئے بھی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔