پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا باضابطہ اعلان

اتوار 15 جون 2014 19:38

پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کا باضابطہ اعلان

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جون۔2014ء) پاک فوج نے حکومت کی ہدایت پر دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں آپریشن کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جن کے خاتمے کے لئے حکومت کی ہدایات کی روشنی میں آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا نام ”ضرب عزب“ رکھا گیا ہے جس میں غیر ملکی اور مقامی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں موجود دہشت گردوں نے مقامی افراد کے علاوہ پوری قوم کی زندگی کو اجیرن بنا رکھا ہے جب کہ دہشت گردوں کی جانب سے پے در پے کارروائیوں کے نتیجے میں ملکی معاشی ترقی کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم قوم کے تعاون سے قیام امن کے لئے دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیار کارروائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور پاک سرزمین کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لئے پاک فوج کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔واضح رہے کہ پاک فوج اس سے قبل سوات اور مالاکنڈ میں کامیاب آپریشن ”راہ نجات“ اور آپریشن ”راہ راست“ کرچکی ہے جس میں دہشت گروں کا صفایا کرتے ہوئے سوات سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :