بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے باعث کراچی اور ٹھٹھہ کے کئی علاقے زیر آب

جمعرات 12 جون 2014 14:49

بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے باعث کراچی اور ٹھٹھہ کے کئی علاقے زیر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12جون 2014ء) بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے باعث ٹھٹھہ اور بدین کے کئی دیہات زیر آب آگئے جب کہ سمندر میں طغیانی کے باعث کراچی میں سینڈز پٹ اور پیرا ڈائز پوائنٹ پر قائم کئی ہٹ بھی پانی میں بہہ گئے۔ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے باعث کراچی کی مغربی ساحلی پٹی میں سمندر میں طغیانی آگئی جس کی وجہ سے تفریحی مقامات سینڈز پٹ اور ہاکس بے پیراڈائز پوائنٹ پر سمندر کا پانی سڑکوں تک پہنچ گیا، پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ساحل پر بنے کئی ہٹ بھی پانی میں بہہ گئے اور منوڑہ تک جانے کا واحد زمینی راستہ بھی منقطع ہوگیا جب کہ ریڑھی گوٹھ میں بھی پانی پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔

بحیرہ عرب میں طوفان کے باعث ٹھٹھہ اور بدین کے بھی کئی دیہات زیر آب آگئے۔

(جاری ہے)

کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے بلدیاتی کنٹونمنٹ اداروں کو ریڈ الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساحل پر فائر برگیڈ کے لائف گارڈز کی موجودگی یقینی بنائی جائےتاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکے، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سمندر میں نہانے سے گریز کریں جب کہ سمندر میں مچھلیوں کے شکار کے لئے جانے والی تمام لانچوں کو بھی واپس بلا لیا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی کراچی کی مغربی ساحلی پٹی پر سمندر میں طغیانی کے باعث سمندر کا پانی سڑکوں تک پہنچ گیا تھا جس کے باعث تقریبا 15 روز تک منوڑہ کا زمینی راستہ منقطع رہا جس کی وجہ سے وہاں مقیم لوگوں کو پینے کے پانی سمیت اشیائے خوردونوش کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :