شمالی وزیرستان؛ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ڈرون حملوں میں 16 ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

جمعرات 12 جون 2014 12:01

شمالی وزیرستان؛ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ڈرون حملوں میں 16 ہلاک، مزید ہلاکتوں ..

میران شاہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12جون 2014ء) شمالی وزیرستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 امریکی ڈرون حملوں کے نتیجے میں 4 ازبک اور 2 پنجابی طالبان سمیت 16 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلا ڈرون حملہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے گاؤں درگاہ مندی میں ہوا جہاں امریکی ڈرون طیارے نے 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، ڈرون طیارے نے ایک کمپاؤنڈ اور ایک پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا جبکہ کارروائی میں ہلاک ہونے والے 4 ازبک اور 2 کا تعلق پنجابی طالبان سے تھا۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پک اپ گاڑی کمپاؤنڈ کے باہر کھڑی کی کہ اسی دوران ڈرون طیارے نے دونوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد کمپاؤنڈ اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونیوالوں میں کمانڈر حاجی گل، مفتی صفیان، کمانڈر ابو بکر، کمانڈر یٰسین گردیزی، کمانڈر جمیل، کمانڈر عبداللہ خان، کمانڈر اسد اللہ اسد، اور طور خان کے نام شامل ہیں۔

یاد دس ماہ پہلے ڈرون حملے میں ہلاک ہونیوالے پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کا سربراہ ملا سنگین کے جانشین بلال احمد زدران کی بھی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب رات گئے بھی میران شاہ کے مقام دانڈے درپہ خیل میں بھی ڈرون حملہ کیا گیا، امریکی ڈرون طیاروں نے گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے 6 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ ادھر شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں بھی ڈرون طیاروں کی نچلی سطح پر پراوزیں جاری رہیں جس سے علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

واضح رہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات شروع ہونے پر امریکی ڈرون حملے روک دیئے گئے تھے اور آخری حملہ 26 دسمبر 2013 کو کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :