کراچی ایئر پورٹ پر دہشتگردوں کا ایک بار پھر حملہ، اے ایس ایف کا منہ توڑ جواب

منگل 10 جون 2014 12:59

کراچی ایئر پورٹ پر دہشتگردوں کا ایک بار پھر حملہ، اے ایس ایف کا منہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جون 2014ء) جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر ایک بار پھر حملہ کر دیا جب کہ اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے حملہ آوروں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس ملزمان نے کراچی ایئرپورٹ سے متصل اے ایس ایف کے کیمپ نمبر 2 پر دھاوا بول دیا جب کہ اے ایف ایس، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے۔

اے ایس ذرائع کا کہنا ہے گاڑی میں 5 حملہ آوروں نے پہلوان گوٹھ اور کچے کے علاقے سے ایئرپورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ حملے کے دوران فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا جب کہ علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے اور کراچی آنے والی تمام فلائٹس کو دوسرے شہروں کی جانب منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جب کہ حملہ آور گلستان جوہر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے جس مقام سے حملہ کیا سیکیورٹی فورسز نے اس کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے کارروائی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی جدید ہتھیاروں سے لیس 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق جب کہ 10 حملہ آور مارے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :