کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کردی گئی

پیر 9 جون 2014 15:36

کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی رپورٹ وزیراعظم نواز شریف کو پیش کردی گئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جون 2014ء) کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کردی گئی جس کے مطابق اے ایس ایف کے 8، رینجرز کا ایک اور پولیس کے 2 اہلکاروں سمیت 19 افراد جاں بحق جب کہ 26 زخمی ہوئے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی فورسز سمیت انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کی رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ دہشت گرد پرانے ایئرپورٹ کے 2 اطراف سے داخل ہوئے اور ٹرمینل کے قریب کھڑے تمام جہازوں کو نشانہ بنانہ بنا کر تباہ کرنا چاہتے تھے تاہم پاک فوج، رینجرز، اے ایس ایف اور پولیس کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دے کر ٹرمینل پر کھڑے جہازوں کو بڑی تباہی سے بچایا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں اے ایس ایف کے 8، رینجرز کا ایک اور پولیس کے 2 اہلکاروں سمیت 19 افراد جاں بحق جب کہ 26 زخمی ہوئے اس کے علاوہ فورسز کی کارروائی میں تمام 10 حملہ آور مارے گئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے اے ایس ایف کے جوانوں کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے اہلکاورں نے اپنی جان کی قربانی دے کر ایئرپورٹ پر کھڑے طیاروں کو بڑے نقصان سے پچایا تاہم اس ساتھ ہی وزیراعظم نے دہشت گردوں کے ایئرپورٹ میں داخل ہونے اور ناقص سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔