لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل

جمعہ 6 جون 2014 17:39

لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6جون 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خون کے تجزیئے اور اینجیو گرافی کی رپورٹس کے معائنے کے بعد انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے جہاں منی لانڈرنگ کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کی مدت الطاف حسین کی پولیس حراست میں شامل نہیں ہوگی ، اس لئے قانون کے مطابق انہیں پیر کی شام تک حراست میں رکھاجاسکتا ہے۔ اس دوران وہ ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔

اس سے قبل ڈاکٹروں نے الطاف حسین کی اینجیو گرافی کی رپورٹس تسلی بخش قرار دے دی تھی۔ جس کے بعد ان میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کی پولیس اسٹیشن منتقلی کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ منگل کو لندن پولیس نے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیا تھا تاہم ان کی خراب طبیعت کو دیکھتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 3 روز سے ان کا علاج جاری تھا۔