پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

جمعرات 5 جون 2014 20:20

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کا اعلان سال 2014ء کے لئے کیا گیا ہے اور اس فہرست میں قومی ٹیم کے31 کھلاڑی شامل ہیں جن میں سینئرز کے علاوہ نوجوان کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کے علاوہ تمام کھلاڑیوں اور بورڈ ممبران کے لئے پہلے سے اعلان شدہ میچ فیس کے معاوضے میں 25 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔سینٹرل کنٹریکٹ کے ناموں کی حتمی فہرست پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور مینیجر ذاکر خان ،چیف سیلیکٹر معین خان اور محمد اکرم پر مشتمل کمیٹی نے ترتیب دی ہے۔کیٹیگری اے میں 5کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، محمد حفیظ، سعید اجمل، شاہد آفریدی اور فاسٹ بالر جنیدخان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان یونس خان کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ دیگر تین کھلاڑیوں میں احمد شہزاد،عمر اکمل اور عمر گل شامل ہیں۔کیٹیگری سی میں 6کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں ،ان میں اسد شفیق، اظہرعلی، عدنان اکمل، خرم منظور،ناصر جمشید اور عبدالرحمان شامل ہیں۔کیٹیگری ڈی میں جگہ بنانے والے کھلاڑیوں میں صہیب مقصود،سرفراز احمد،بلاول بھٹی،شرجیل خاان ،ذوالفقار بابر،فواد عالم،احسان عادل،محمد عرفان،وہاب ریاض،رضا حسن،عمر امین،حارث سہیل،راحت علی کے علاوہ شان مسعود،محمد طلحہ اور انور علی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ دیتے وقت کھلاڑیوں کی کارکردگی،فٹنس اور فارم کو مد نظر رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :