حکومت نے الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی تردید کر دی

جمعرات 5 جون 2014 20:20

حکومت نے الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی تردید کر دی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5جون۔2014ء) حکومت نے لندن میں پولیس کی حراست میں موجود متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو پاکستانی پاسپورٹ ، شناختی جاری کرنے کی تردید کی ہے ۔ اُردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ آج دوپہر کو میری میڈیا سے گفتگو کو صحیح انداز سے پیش نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا حکام نے الطاف حسین کو پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا اُصولی فیصلہ کر لیا تھا لیکن وقت نے مہلت نہ دی جس کی وجہ سے انہیں شناختی کارڈ، پاسپورٹ جاری نہ ہو سکا ۔

میڈیا میں میری گفتگو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ۔اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ الطاف حسین کی شہریت کے حوالے سے کبھی کوئی ابہام نہیں تھا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کے معاملے میں کچھ تکنیکی معاملات رکاوٹ بن رہے تھے تاہم اب وہ بھی حل ہوگئے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم کے قائد کو قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو اب تک قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نہیں ملا۔واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نائکوپ اور پاسپورٹ کے لئے درخواست دی تھی تاہم وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ان کا ڈیٹا محفوظ نہیں رہ سکا جس پر ایم کیو ایم نے شدید احتجاج کیا تھا جس پر حکومت نے الطاف حسین کو جلد ہی تمام دستاویزات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔