بھارتی وزیر کالج بننے سے پہلے گریجویٹ ہو گیا!،ہندوستانی پارلیمنٹرینز جعلسازی میں پاکستان ہم منصبوں کی راہ پر چل نکلے

اتوار 1 جون 2014 00:25

بھارتی وزیر کالج بننے سے پہلے گریجویٹ ہو گیا!،ہندوستانی پارلیمنٹرینز ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جون۔2014ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نوزائیدہ کابینہ کی رکن اسمرتی ایرانی کی تعلیمی قابلیت پر تنازع ابھی ختم نہیں ہوا کہ ایک اور وزیر پر غلط تعلیم بتانے کا الزام عائد ہو گیا ہے۔ اس مرتبہ اس معاملے میں مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے بے جی پی کے سرکردہ رہنما گوپی ناتھ منڈے پھنسے ہیں۔ ان پر حلف نامے میں غلط معلومات دینے کیالزام لگا ہے۔

کثیر الاشاعت بھارتی معاصر عزیز روزنامہ 'انقلاب' کے مطابق مودی حکومت میں دیہی ترقی کے وزیر بنائَے گئے گوپی ناتھ منڈے نے الیکشن کمیشن کو دئیے گئے اپنے حلف نامے میں لکھا تھا کہ انہوں نے 1976ء میں نیو لاء کالج پونے سے بی جے پی ایل کی ڈگری حاصل کی جبکہ مذکورہ کالج کی ویب سائٹ کے مطابق اس کا قیام ہی 1978ء میں عمل میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہ وہی نیو لاء کالج ہے جس کا ذکر منڈے نے اپنے حلف نامے میں کیا ہے تو انہوں نے کالج شروع ہونے سے دو سال پہلے ہی ڈگری کس طرح حاصل کی؟یہ باتیں عام ہوتے ہی سوشل میڈیا پر گوپی ناتھ منڈے مذاق کا موضوع بن گئے ہیں۔

بہرحال ابھی یہ بات واضح نہیں ہو پائی ہے کہ اس میں کوئی تکنیکی خامی ہے یا ٹائپنگ کی غلطی کیونکہ ابھِی تک اس معاملے پر منڈے کی جانب سے کوئی وضاحتی بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر مودی کابینہ مذاق کا موضوع بنتی جا رہی ہے۔ فیس بک اور وٹس اپ پر دیگر وزیروں کی تعلیمی صلاحیتیں بھی پیش کی جا رہی ہیں کہ مودی کابینہ کے نصف سے زائد اراکین کے پاس پانچویں تا بارہویں تک ہی تعلیم ہے۔

اس سے قبل مرکز کی نئی حکومت اسمرتی ایرانی کے معاملے الیکشن کمیشن کو غلط معلومات دینے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بن چکی ہے اور ابھی یہ معاملہ سرد بھی نہیں پڑا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسمرتی ایرانی سے متعلق اس "راز" کو فاش کرنے کی پاداش میں دہلی یونیورسٹی کے پانچ اہلکار کو برطرف بھی کر دیا گیا ہے۔کانگریس کے جنرل سیکرٹری دگ وے سنگھ نے دہلی یونیورسٹی کے 5 ملازمین کی معطلی کے بہانے مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی اور مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہی حکومت کی شفافیت ہے؟

متعلقہ عنوان :