اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو خیبر پختونخواہ کے علاقہ میں بھجوائے جانے کے خدشات، آئی جی پنجاب خان بیگ کا صوبہ خیبر پختونخواہ کے آئی جی ناصر خان درانی سے رابطہ ، اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی بازیابی کیلئے مدد طلب کرلی، اغواء کے بعد سرگودھا پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا

اتوار 1 جون 2014 22:58

اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو خیبر پختونخواہ ..

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1جون۔2014ء) اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو خیبر پختونخواہ کے علاقہ میں بھجوائے جانے کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی جی پنجاب خان بیگ نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے آئی جی ناصر خان درانی سے رابطہ کرکے اغواء ہونیوالے رکن پنجاب اسمبلی بازیابی کیلئے مدد کرنے کیلئے کہا ہے اور دونوں صوبوں کی پولیس پر مشتمل ایک اہم ٹیم کو رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کی بازیابی کیلئے مشترکہ آپریشن پر بھجوانے کیلئے بھی اقدامات کرنے کا کہا ہے پولیس ذرائع کے مطابق مغوی رانا جمیل حسن خان کے اہلخانہ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام موبائل فونز سیٹ آن رکھیں اور کوئی بھی کال آنے کی صورت میں پولیس کو مطلع کریں تاکہ فون کالز سے بھی اہم معلومات حاصل کی جاسکیں یادرہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن پنجاب اسمبلی رانا جمیل حسن خان کو سیال موڑ انٹر چینج تھانہ لکسیاں سرگودھا کی حدود سے اغواء کرلیا تھا اور اغواء کاروں نے ان کی اہلیہ کو 5 کروڑ روپے تاوان کی رقم کا انتظام کرنے کا کہا تھا جس پر سرگودھا پولیس نے تھانہ لکسیاں میں مقدمہ نمبر 141 میں مختلف دفعات جن میں 78/A, 365A شامل ہیں کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی رانا جمیل حسن خان کے اغواء کے بعد سرگودھا پولیس نے گزشتہ رات سرچ آپریشن کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور جن سے مختلف مقامات پر پولیس کے اعلیٰ افسران پوچھ گچھ کررہے ہیں پولیس ذرائع کے مطابق ان جرائم پیشہ افراد میں سے بعض کے تعلقات اغواء کنندگان سے بھی ہوسکتے ہیں دوسری طرف حکومت نے ڈی سی او سرگودھا کو ایک ماہ کی نظر بندی کا اختیار دیتے ہوئے ایسے تمام افراد جو اس وقت اہم مقدمات میں ضمانت پر رہا ہیں ان کو بھی گرفتار کرکے شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔