Live Updates

حافظ آباد میں پی ٹی آئی کا سونامی مسلم لیگ(ن) کے حکمرانوں کو بہا لے گیا ،مسلم لیگ ن کے 15سے زائد ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی جانب سے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم بھی کسی کام نہ آئی

جمعہ 30 مئی 2014 23:17

حافظ آباد میں پی ٹی آئی کا سونامی مسلم لیگ(ن) کے حکمرانوں کو بہا لے گیا ..

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مئی۔2014ء) حافظ آباد میں پی ٹی آئی کا سونامی مسلم لیگ(ن) کے حکمرانوں کو بہا لے گیا۔مسلم لیگ ن کے 15سے زائد ممبران قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی جانب سے کی جانے والی ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم بھی کسی کام نہ آئی۔ پی پی 107 کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار نگہت انتصار بھٹی 43617ووٹ لیکر کامیاب ہوگئی ہیں جبکہ انکے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے چودھری سرفراز احمد بھٹی 38522ووٹ حاصل کر سکے۔

نگہت انتصار بھٹی نے ضمنی انتخابات میں 5095ووٹوں کی برتری حاصل کی۔نگہت انتصار بھٹی 5بار منتخب ہونے والے ایم پی اے میاں انتصار حسین بھٹی کی اہلیہ ہیں اور انہوں نے 2013کے انتخابات میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر حصہ لیا لیکن چودھری مہدی حسن بھٹی آزاد گروپ کے سید شعیب شاہ نواز سے ہار گئیں،نگہت انتصار بھٹی نے ووٹوں کی دھاندلی پر الیکشن کمیشن میں کامیاب اُمیدوار سید شعیب شاہ نواز کیخلاف درخواست دائر کی ،الیکشن کمیشن نے الزامات ثابت ہونے پر کامیاب اُمیدوار کو نا اہل قرار دیکر دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) نے نگہت انتصار بھٹی کو ٹکٹ جاری نہ کیا جس پر وہ مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئیں اور پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا۔ پی پی 107 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک ہزار 75ہزار339ہے۔ ضمنی انتخابات میں 83251ووٹ ڈاللے گئے جن میں سے 82636ووٹوں کو درست جبکہ 615ووٹوں کو مسترد کیا گیاجبکہ ٹرن آؤٹ 47.48فیصد رہا۔

آزاد امیدوار میاں اختر حسین بھٹی نے 108،سکندر نواز بھٹی نے 125،چودھری منیر آرائیں نے 74جبکہ عبدالرؤف نے 190ووٹ حاصل کیے ۔ساکھی،طویلے والی، مڈھوراں کلاں اور پنڈی بھٹیاں شہر کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے جبکہ کسیسے پولنگ اسٹیشن پر جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پولیس نے یاسر نامی نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کے قیام کے لئے پولیس کے 1629اہلکاروں کے ساتھ رینجرز کے 400اہلکار نے فرائض سرانجام دیئے۔ووٹوں کے تنازعہ پر ن لیگ کے ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان اور اُن کے حامیوں نے پریذائیڈنگ آفیسر الطاف حسین کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ طویلے والی میں ن لیگ کے ایم این اے سردار عرفان ڈوگر اور اُن کے حامیوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات