بھارت کو بتادیا کہ ممبئی حملے کے ملزمان کا فیصلہ ملکی قانون کے مطابق ہوگا، سرتاج عزیز

بدھ 28 مئی 2014 13:57

بھارت کو بتادیا کہ ممبئی حملے کے ملزمان کا فیصلہ ملکی قانون کے مطابق ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28مئی 2014ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت پر واضح کردیا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق عدالتی ٹرائل چل رہا ہے اس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا کہ نئی دلی میں وزیر اعظم نوازشریف اور بھارتی ہم منصب نریندرمودی کے درمیان پہلے وفود کی سطح پر اور اس کے بعد ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مسئلہ کشمیر، ممبئی حملوں اور سمجھوتہ ایکسپریس پر تمام اہم امور بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا کیونکہ دہشتگردی دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے جسے مل کر حل کرنے پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارت میں وہاں کے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے گئے تھے اگر وہ مذاکرات کے لئے جاتے تو حریت رہنماؤں سے ان کی ضرور ملاقات ہوتی۔ بھارت بھی پاکستان کی طرح امن چاہتا ہے، یہ بات کہنا درست نہیں کہ نریندر مودی نے وزیراعظم کو ممبئی حملوں پر چارج شیٹ تھمادی، انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے ممبئی حملہ کیس کے ملزمان کے حوالے سے بات کی جس پر ہمارا موقف تھا کہ ممبئی حملوں سے متعلق عدالتی ٹرائل چل رہا ہے،اس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔

متعلقہ عنوان :