کراچی سے خیبر تک کسی بھی بجلی چور کو معاف نہیں کیا جائے گا، عابد شیر علی

منگل 27 مئی 2014 19:59

کراچی سے خیبر تک کسی بھی بجلی چور کو معاف نہیں کیا جائے گا، عابد شیر ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ کراچی سے خیبر تک کسی بھی بجلی چور کو معاف نہیں کیا جائے گا اور چور، چور ہوتا ہے اور اس کی حمایت کرنے والا شخص بھی کسی چور سے کم نہیں۔کوئٹہ میں واپڈا اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ بجلی کی چوری کا خاتمہ کر کے مزدوروں کو خوشحال بنایا جائے جبکہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے خضدار سے پشین تک ٹرانس میشن لائن کی تنصیب کی منظوری دی ہے جس پر آئندہ سال مئی تک کام مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعض اضلاع میں بجلی کا بل ادا کرنے کا رواج ہی نہیں جس سے صوبے کے حقوق پر ڈاکا اور بل ادا کرنے والوں کا حق مارا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور میں نے کبھی کسی صوبے کے خلاف بات نہیں کی لیکن بجلی چوروں کے خلاف بات کرنے پر اسمبلیوں میں میرے خلاف وزرا نے مذمتی قراردادیں منظور کیں لیکن سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ چور، چور ہوتا ہے اور بجلی کی چوری کرنے والوں کی حمایت کرنے والے بھی چوروں سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی مفت میں بانٹی جانے والی کوئی خیرات نہیں، صرف بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے، آزاد کشمیر میں بھی پاکستان بھر کی طرح کارروائی کریں گے جبکہ وزیراعظم کو روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹس بھیجی جارہی ہیں۔کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی معاملات ٹھیک کرنے کا ذمہ دار ” کے الیکٹرک ” ہے، سپریم کورٹ کی بجلی وزیراعظم کی ہدایت پر بحال کی جس کے بعد واجب الادا رقم کی ادائیگی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :