Live Updates

سونامی دھوبی گھاٹ میں پہنچ کر گھر کا رہا نہ گھاٹ کا‘رانا ثناء اللہ،فیصل آباد میں تحریک انصاف کی ریلی میں چند ہزار افراد نے شرکت کی،تحریک انصاف کے لیڈروں نے بازاری زبان استعمال کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی،عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا50لاکھ افراد کے شہر میں چند ہزار افراد کی شرکت لمحہ فکریہ ہے،صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ کا عمران خان کی تقریر پر تبصرہ

اتوار 25 مئی 2014 23:36

سونامی دھوبی گھاٹ میں پہنچ کر گھر کا رہا نہ گھاٹ کا‘رانا ثناء اللہ،فیصل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ سونامی ھوبی گھاٹ میں پہنچ کر گھر کا رہا نہ گھاٹ کا۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کی ریلی میں چند ہزار افراد نے شرکت کی۔ فیصل آباد نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا۔ 50 لاکھ افراد کے شہر میں چند ہزار افراد کی شرکت لمحہ فکریہ ہے۔ تحریک انصاف کے لیڈروں نے بازاری زبان استعمال کر کے اپنی اصلیت ظاہر کر دی۔

صوبائی وزیررانا ثناء اللہ نے عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا شور اب مذاق بن چکا ہے۔ عوام ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے والوں کا جلد محاسبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام نے ریلی سے لاتعلق رہ کر احتجاجی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان ریلیوں کی بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت اور دیرینہ مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی حقیقی عوام دوست جماعت ہے جو عوام کے مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے شب و روز کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ عمران کے جلسے میں پہنچنے تک پنڈال میں پانچ سے سات ہزار افراد تھے۔ میرے دعوے کو کوئی چیلنج کر سکتا ہے تو کرے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے 50 لاکھ آبادی کے شہر میں سے صرف ہزار سے 15سو افراد شریک تھے۔

ریلی میں 90 فیصد لوگ باہر سے دوسرے شہروں سے لائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سونامی تیزی سے تنزلی کا شکار ہے- عمران خان احتجاجی سیاست کی بنا پر تنہائی کا شکار ہو کر دیوار سے لگ جائیں گے۔ شہر شہر سے لائے گئے لوگ بھی فیصل آباد میں جلسے کی رونق نہیں بڑھا سکے۔ ناکام ریلی کے بعد تحریک انصاف ایسی ریلیوں سے توبہ کر لے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات