Live Updates

کارکن تیار ہو جائیں،سونامی اب سات جون کو سیالکوٹ کا رخ کرے گی،عمران خان

اتوار 25 مئی 2014 22:12

کارکن تیار ہو جائیں،سونامی اب سات جون کو سیالکوٹ کا رخ کرے گی،عمران ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مئی۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت تحریک انصاف کے کارکنوں کو نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتی، لوگوں نے ن لیگ کے سرکس کو مسترد کر کے تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کی۔فیصل آباد میں دھوبی گھاٹ گرائونڈ میں جلسے سے خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ ن لیگ کو تحریک انصاف کے جوش کا علم ہی نہیں، ن لیگ سمجھتی ہے کہ سب کو خریدا جا سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہے، ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ نہیں دیئے لیکن پھر بھی نوجوان ہمارے ساتھ ہیں۔

شریف بھائیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جنون کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ملک میں انصاف کا نظام لائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن نا انصافی کا نہیں۔

(جاری ہے)

میاں صاحب نے پانچ سو ارب روپے بھی ادا کر دیئے، بجلی کی قیمتیں بھی بڑھا دیں اور لوڈ شیڈنگ پھر بھی جاری ہے۔ میں نے چیلنج کیا تھا کہ بجلی کی تقسیم اور پیداوار کا نظام ہمارے حوالے کر دیں بجلی سستی کریں گے اور چوری بھی ختم کریں گے لیکن میرے چیلنج کو قبول نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے اس ملک میں تبدیلی نہیں آئے گی اور نیا پاکستان نہیں بن سکے گا۔دو نمبری سے الیکشن جیت کر آنے والا قوم کو کچھ نہیں دے سکتا۔حکومت نے کشکول نہیں توڑا قرض لینے کے ریکارڈ توڑ دیئے۔حکومت نے ایک سال میں پچاس ارب ڈالر کا قرض لیا۔ انھوں نے کہا کہ چار حلقوں میں تصدیق ہو گئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ کرپشن ہے۔حکومت میں آنے کے بعد بڑے بڑے مرغوں سے ٹیکس لے کر دکھائوں گا۔عوام سے جمع کیا گیا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات