وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا سکھ مظاہرین کی پارلیمنٹ میں داخل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار ،مظاہرین کے ہاتھوں پارلیمنٹ کا گیٹ ٹوٹنا سیکورٹی کی بہت بڑی ناکامی ہے ، چوہدری نثار علی خان

جمعہ 23 مئی 2014 19:28

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا سکھ مظاہرین کی پارلیمنٹ میں داخل ہونے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مئی۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سکھ مظاہرین کا پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران کو معطل کردیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر چوہدری نثار نے سکھ مظاہرین کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں غفلت برتنے پر ایس پی قومی اسمبلی سمیت 3 ڈی ایس پیز اور 3 ایس ایچ اووز کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے،معطل کئے گئے پولیس افسران میں ایس پی قومی اسمبلی حبیب اللہ نیازی، ڈی ایس پی اسلام آباد فدا حسین ، خالد ورک اور سفیر سمیت تھانہ سیکریٹریٹ اور بارہ کہو کے 3 ایس ایچ اووز کو بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکھ مظاہرین کی جانب سے احتجاج کے دوران روٹ کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ انہیں پارلیمنٹ ہاؤس کے بجائے نیشنل پریس کلب جانا تھا جہاں انہوں نے مظاہرہ کرنا تھا لیکن پارلیمنٹ ہاؤس میں گھس کر احتجاج کرنا غیر قانونی عمل ہے۔واضح رہے کہ سکھوں کی عبادت گاہوں پر حملوں اور ان کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کی توہین پر مشتعل سکھ برادری نے پارلیمنٹ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔